حرمین میں زائرین کی سہولت کے لیے نیا لاکرز منصوبہ
جمعرات 17 اکتوبر 2024 18:51
ماضی میں بھی حرمین کے بیرونی صحنوں میں لاکرز سروس فراہم کی جاتی تھی (فوٹو، ایکس)
حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین کے سامان کی حفاظت کے لیے ’ لاکرز‘ پروگرام کے نئے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق حرمین اتھارٹی نے لاکرز پروگرام میں دلچسپی رکھنے والوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی درخواستیں 17 اکتوبر سے 15 نومبر تک جمع کرا سکتے ہیں جس کے بعد حتمی ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ لاکرز پروگرام کا مقصد مملکت کے ویژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے مثالی خدمات زائرین کو پیش کرنا ہے۔
لاکرز منصوبے سے حرمین شریفین میں آنے والے زائرین یہ سہولت ہو گی کہ وہ اپنا سامان محفوظ طریقے سے رکھنے کے بعد مسجد الحرام یا مسجد نبوی میں جاسکتے ہیں۔
واضح رہے اس سے قبل حرمین شریفین کے بیرونی صحنوں میں لاکرز سہولتیں فراہم کی جاتی رہیں تاہم اس حوالے سے نیا منصوبہ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہوگا۔