کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض کارکردگی کے حوالے سے پھر سرفہرست
انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ایئرپورٹس کی کارکردگی رپورٹ جاری کی گئی ہے ( فوٹو: ایس پی اےا)
سعودی دارالحکومت ریاض کا کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ستمبر2024 کےلیے سعودی ائیرپورٹس میں سرفہرست رہا ہے جس نے معیارات کی پابندی کی 82 فیصد شرح حاصل کی ہے۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (جی اے سی اے) نے مملکت کے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ایئرپورٹس کی کارکردگی رپورٹ جاری کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ رپورٹ مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو دیکھ تیار کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے گیارہ معیار مقرر کیے گئے ہیں۔
ان میں چیک ان، سکیورٹی، پاسپورٹ اینڈ کسٹم کنٹرول،محدود نقل وحرکت اور تاخیر والے افراد کی مدد شامل ہے۔
محکمہ شہری ہوابازی نے ایئرپورٹس کو پانچ کیٹیگریز میں تقسیم کیا۔ پہلی کیٹگری میں ان انٹرنیشنل ایئرپورٹس کو شامل کیا گیا جہاں سالانہ پندرہ ملین سے زیادہ افراد سفر کرتے ہیں۔
کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے پہلی کیٹیگری میں مملکت کے بڑے ایئرپورٹس کو پیچھے چھوڑ دیا جبکہ اسی کیٹیگری میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 73 فیصد پابندی کی شرح حاصل کی۔
دمام کے کنگ فہد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے دوسری کیٹگری میں اپنی پوزیشن برقرار رکھی جہاں سالانہ 5 سے 15 ملین مسافر سفر کرتے ہیں۔ ستمبر مں 91 فیصد پابندی کی شرح حاصل کی۔
مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیزانٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بھی اپنی کیٹیگری میں 91 فیصد پابندی کی شرح برقرار رکھی ہے۔
تیسری کیٹیگری میں وہ ایئرپورٹس شامل ہیں جہاں سالانہ 2 سے 5 ملین مسافر سفر کرتے ہیں۔ اس کیٹیگری میں جازان کا کنگ عبداللہ بن عبدالعزیز ایئرپورٹ اور ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ 100 فیصد پابندی کی شرح سے سرفہرست رہے۔
چوتھی کیٹیگری میں جہاں سالانہ 20 لاکھ مسافروں سے بھی کم سفر کرتے ہیں، پانچ ایئرپورٹس نے 100 فیصد پابندی کی شرح حاصل کی۔
ان میں الاحسا ایئرپورٹ، نجران ایئرپورٹ، قصیم کا امیر نایف بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، حائل انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور طائف انٹرنیشنل ایئرپورٹ شامل ہیں۔
اسی کیٹیگری میں الجوف انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور العلا انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے 91 فیصد پابندی کی شرح حاصل کی۔
پانچویں کیٹیگری میں جو ڈومیسٹک ایئرپورٹس کےلیے ہے، ستمبر کے دوران تمام ایئرپورٹس نے 100 فیصد پابندی کی شرح حاصل کی۔