Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کی حسن نصرااللہ کے متوقع جانشین کی اسرائیلی حملے میں موت کی تصدیق

حسن نصر اللہ کے رشتہ دار ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے جہاد کونسل کے سربراہ تھے۔ (فوٹو: روئٹرز)
حزب اللہ نے تنظیم کے مقتول سربراہ حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کے جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے میں مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حزب اللہ کا کہنا ہے کہ ہاشم صفی الدین اسرائیلی فضائی حملے میں مارے گئے۔
حسن نصراللہ کے مارے جانے کے بعد ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری نعیم قاسم کے ساتھ تنظیم کو چلا رہے تھے۔
امکان یہ تھا ہاشم صفی الدین کو جلد حزب اللہ کا نیا سیکریٹری جنرل مقرر کیا جائے گا۔
حسن نصر اللہ کے رشتہ دار ہاشم صفی الدین حزب اللہ کے جہاد کونسل کے سربراہ تھے جو کہ گروپ کے تمام ملٹری آپریشن کے ذمہ دار تھے۔
ہاشم صفی الدین تنظیم کے ایگزیکٹیو کونسل کے بھی سربراہ تھے، جن کی ذمہ داری گروپ کی مالی اور انتظامی امور کی نگرانی ہے۔
اسرائیل کے ساتھ جاری تنازع کے دوران ہاشم صفی الدین نے حزب اللہ کے موقف کی موثر نمائندگی  جنازے اور دیگر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کرتے رہے جو کہ حسن نصر اللہ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر نہیں کر پاتے تھے جو کہ ان کی موت کا سبب بنا۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے مقتول سربراہ حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کے جنوبی بیروت کے مضافاتی علاقے میں مارے جانے کی تصدیق کی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا تھا کہ ’اب اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ تقریباً تین ہفتے قبل ہونے والے حملے میں حزب اللہ کی ایگزیکیٹو کونسل کے سربراہ ہاشم صفی الدین اور حزب اللہ کے انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ علی حسین حزیمہ دیگر حزب اللہ کمانڈرز کے ہمراہ مارے گئے ہیں۔‘

شیئر: