Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دفاعی فرم پر حملہ، ترکیہ کی عراق اور شام میں کرد عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائیاں

وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ’دہشت گردوں کے کُل 32 اہداف کو کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا گیا ہے‘ (فوٹو: اے پی)
ترکیہ نے کہا ہے کہ اس نے انقرہ کے قریب ایک دفاعی فرم پر تباہ کُن حملے کے بعد عراق اور شام میں کرد عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ترکیہ نے کرد عسکریت پسندوں پر دفاعی فرم پر حملے کا الزام عائد کیا ہے جس میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 22 زخمی ہوئے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ’اس بات کا قوّی امکان ہے کہ یہ حملہ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (پی کے کے) کی جانب سے کیا گیا ہے۔‘
وزارت دفاع نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ عراق اور شام کے شمال میں دہشت گردوں کے اہداف کے خلاف فضائی آپریشن کیا گیا۔
’دہشت گردوں کے کُل 32 اہداف کو کامیابی کے ساتھ تباہ کر دیا گیا۔ کارروائیاں جاری ہیں۔‘
گذشتہ روز بدھ کو ترکیہ کی ایوی ایشن اور دفاعی کمپنی، ترکش ایئروسپیس انڈسٹریز (ٹوساس) کے ہیڈکوارٹرز میں زور دار دھماکہ ہوا تھا۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے ایکس پر لکھا کہ ’ترکش ایئروسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے اس حملے میں لوگ شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔‘
ترک وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’انقرہ کے کہرامان قازان کے علاقے میں ٹوساس کی تنصیبات پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا ہے۔‘
مقامی میڈیا پر چلنے والی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے کی جگہ سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور آگ لگی ہوئی ہے۔

ٹوساس ترکیہ کی اہم ترین دفاعی اور ایوی ایشن کی کمپنی ہے (فوٹو: روئٹرز)

صدر رجب طیب اردوغان جو روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ بات چیت کے لیے روس میں موجود تھے، نے ایکس پر اپنے پیغام میں اسے ترکیہ کی دفاعی صنعت پر ’گھناؤنا‘ حملہ قرار دیا۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب استنبول میں ملک اہم دفاع اور ایوی ایشن انڈسٹری کی تجارتی نمائش جاری ہے۔
مقامی ٹیلی ویژن پر چلنی والے فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت کا گیٹ تباہ ہوا ہے۔
ٹوساس ترکیہ کی اہم ترین دفاعی اور ایوی ایشن کی کمپنی ہے۔ یہ کمپنی دوسری مصنوعات کے علاوہ ملک کے اولین لڑاکا طیارے ’کان‘ بناتی ہے۔

شیئر: