ترکیہ: ایوی ایشن کی سرکاری کمپنی کے ہیڈکوارٹرز پر حملہ، 5 ہلاک اور 14 زخمی
ٹوساس ترکی کی اہم ترین دفاعی اور ایوی ایشن کی کمپنی ہے (فوٹو: روئٹرز)
ترک وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک کی ایوی ایشن اور دفاعی کمپنی، ترکش ایئروسپیس انڈسٹریز (ٹوساس)، کے ہیڈکوارٹرز میں زور دار دھماکہ ہوا ہے جس میں پانچ افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیر داخلہ نے اس کو دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے ایکس پر لکھا کہ ’ترکش ایئروسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا ہے۔ بدقسمتی سے اس حملے میں لوگ شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔‘
ترک وزیر داخلہ علی یرلیکایا کا ایکس پر کہنا تھا کہ ’انقرہ کے کہرامان قازان کے علاقے میں ٹوساس کی تنصیبات پر دہشت گردانہ حملہ کیا گیا ہے۔‘
مقامی میڈیا پر چلنے والی فوٹیجز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ حملے کی جگہ سے دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور آگ لگی ہوئی ہے۔
ہربر ترک ٹی وی کے مطابق کمپنی کے ہیڈکوارٹر میں لوگوں کو یرغمال بنائے جانے کی اطلاع ہے۔
فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
یہ حملہ ایک ایسے وقت میں ہوا جب استنبول میں ملک اہم دفاع اور ایوی ایشن انڈسٹری کی تجارتی نمائش جاری ہے۔
مقامی ٹیلی ویژن پر چلنی والے فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت کا گیٹ تباہ ہوا ہے۔
ٹوساس ترکی کی اہم ترین دفاعی اور ایوی ایشن کی کمپنی ہے۔ یہ کمپنی دوسری مصنوعات کے علاوہ ملک کے اولین لڑاکا طیارے ’کان‘ بناتی ہے۔