Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین طیاروں میں بم کی افواہیں، سوشل میڈیا کو ’نتیجہ خیز کارروائی‘ کا انتباہ

حکومتی انتباہ میں کسی بھی سوشل میڈیا کمپنی کا نام نہیں لیا گیا (فوٹو: روئٹرز)
رواں ماہ ایئر لائنز کو جعلی بم کی سینکڑوں دھمکیوں کے بعد انڈیا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو ’نتیجہ خیز کارروائی‘ سے خبردار کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انڈیا کی مختلف ایئرلائنز کو طیاروں کو بم دھماکے سے اُڑانے کی اب تک سینکڑوں دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں جس کے بعد ملک میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
انڈین حکومت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ غلط معلومات کو فوری طور پر ہٹانے کے حکم کی تعمیل نہیں کرتے تو قانون کے تحت نتیجہ خیز کارروائی ہوگی۔
حکومت نے سنیچر کو ایک ایک بیان میں کہا کہ ’ایئرلائنز کو جعلی بم دھمکیاں دینے جیسا بدنیتی پر مبنی عمل ریاست کے امنِ عامہ اور سلامتی کے لیے ممکنہ خطرے کا باعث بنتا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اس طرح کی جعلی بم دھمیکیاں شہریوں کی ایک بڑی تعداد کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی اقتصادی سلامتی کو بھی غیر مستحکم کرتی ہیں۔‘
حکومتی انتباہ میں کسی بھی سوشل میڈیا کمپنی کا نام نہیں لیا گیا تاہم، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ایک ایڈوائزری نوٹس کا حوالہ دیا گیا ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ ’سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر فارورڈنگ/ ری شیئرنگ/ ری پوسٹنگ/ ری ٹویٹنگ‘ کے آپشن کی دستیابی کی وجہ سے اس طرح کی جعلی دھمکیوں کا پھیلاؤ خطرناک حد تک بےقابو ہو گیا ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنیوں کو ملک کے اتحاد، سالمیت، خودمختاری، سلامتی یا اقتصادی سلامتی کے لیے خطرہ بننے والے کسی بھی جرم کی اطلاع دینی چاہیے اور تحقیقات میں مدد کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔

مختلف ایئرلائنز کو طیاروں کو بم دھماکے سے اُڑانے کی اب تک سینکڑوں دھمکیاں موصول ہو چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) نیوز ایجنسی کے مطابق مختلف ایئرلائنز کو اکتوبر کے وسط سے لے کر اب تک کم از کم 275  دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔
میڈیا کے بعض اداروں کا خیال ہے کہ یہ تعداد تقریباً 400 تک ہے۔
کچھ  دھمکیوں کے پیش نظر طیاروں کا رخ کینیڈا اور جرمنی کی طرف موڑ دیا گیا تھا جبکہ برطانیہ اور سنگاپور میں لڑاکا طیاروں نے مسافر طیارے کی حفاظت کی۔
گذشتہ روز سنیچر کو نئی دہلی سے تعلق رکھنے والے ایک 25 سالہ بے روزگار شخص کو جعلی بم کی دھمکیاں دینے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔
گذشتہ ہفتے ایئرلائنز کو اس طرح کی دھمکیوں کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے یہ دوسری گرفتاری ہے۔

شیئر: