Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات: قیمتوں میں اضافے نے سونے کی طلب کی سمت تبدیل کر دی

2 ہفتوں میں فی گرام 12.25 درھم کا اضافہ ہوا۔ (فوٹو الامارات الیوم)
دبئی اور شارجہ کی مارکیٹوں میں ہفتے کے اختتام پر سونے کے مختلف قیراط کی فی گرام قیمتوں میں ڈھائی سے پونے چار درھم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دونوں شہروں کی مارکیٹوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ دو ہفتوں کے دوران مجموعی طور پر فی گرام 12.25 درھم کا اضافہ ہوا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق سونے اور زیورات کی دکانوں کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ  سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے سونے کی طلب کی سمت تبدیل کر دی ہے۔ کچھ  نے زیورات کے مقابلے میں سونے کی ان چیزوں کی خریداری پر توجہ دی ہے جنہیں مستقبل میں ایکسچینج پر قیمت کم نہ ہو اسی طرح صرف تحائف کی حد تک چھوٹے سکوں کی خریداری پر ہی توجہ ہے۔ یہ صرف بچت کے طور پر کیا جارہا ہے۔
امارات میں ہفتے کے اختتام پر 24 قیراط ایک گرام سونے کے نرخ 332.75 درھم ہو گئے، اس میں ایک ہفتے کے دوران 3.75 درھم کا اضافہ ہوا جبکہ 22 قیراط کی قیمت  308.25 درھم رہی اس میں ایک ہفتے میں تین ریال تک کا اضافہ نوٹ کیا گیا۔
21 قیراط کے نرخ 298.25 درھم رہے اس میں 2.75 درھم کا اضافہ ہوا۔ 18 قیراط فی گرام کے نرخ 255.75 درھم رہے اس کی قیمت میں 2.5 درھم کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
زیورات کے ایک شوروم کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ اور بلند شرح پر پہنچنے پر مارکیٹ میں طلب اور کھپت کی شرح میں تبدیلی واضح نظر آ رہی ہے۔ مارکیٹ میں سونے کے سکوں کی فروخت میں اضافہ ہے جو تحائف کے مطابق ہے۔
اس کے علاوہ چین اور بریسلٹ اور اسی طرح کی آرائشی سونے کی اشیاء کی خریداری میں دلچسپی لی جا رہی ہے۔ گاہکوں کا کہنا ہے کہ بسکٹ، سکے، چین اور بریسلیٹ کو بعد میں دیگر زیورات کے مقابلے میں آسانی سے فروخت کیا جا سکتا ہے اور اس میں قیمت کم ملنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا۔
ایک اور زیورات کی دکان کے مالک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں دنیا کے سیاسی اور جغرافیائی اتار چڑھاؤ کی وجہ سے نرخوں میں تیزی آئی ہوئی ہے۔ اس وجہ سے پرانے زیورات کی فروخت بھی کم ہے۔
جیولری شاپ کے مینجر کا کہنا تھا کہ سونے کی قیمتوں میں اضافے سے زیورات کی فروخت کی مانگ میں کمی آئی ہے۔ اسی طرح سونے کے نئے زیورات کی فروخت میں سست روی  بڑھی ہے جبکہ کچھ لوگ اپنی خریداری ملتوی کرنے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں کمی ہوئی تو خریداری بڑھے گی۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: