چیف جسٹس کا پہلا فل کورٹ اجلاس، منصور علی شاہ کی ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت
فل کورٹ اجلاس میں مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے اور عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے پر توجہ دی گئی۔ (فوٹو: سپریم کورٹ)
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں فل کورٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ میں 59 ہزار 191 مقدمات زیرِالتوا ہیں۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پیر کو ہونے والے فل کورٹ اجلاس میں تمام ججز نے شرکت کی جبکہ اجلاس میں جسٹس سید منصور علی شاہ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے موجود تھے۔
اجلاس کا مقصد سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا، جس میں مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے اور عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے پر توجہ دی گئی۔ رجسٹرار نے موجودہ مقدمات کی تعداد کا جائزہ پیش کیا اور مقدمات کے بروقت فیصلے کی سمت میں کیے گئے اقدامات کی وضاحت کی۔
انہوں نے کیس مینجمنٹ پلان 2023 کی بنیاد پر جسٹس منصور علی شاہ کے تیار کردہ ایک ماہ کے نئے پلان کو متعارف کروایا۔ اس پلان میں تمام اقسام کے مقدمات کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کے لیے واضح معیار مقرر کرنا اور معلوماتی ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے۔
کیس مینجمنٹ پلان کا جائزہ لیتے ہوئے ججز نے پلان کے اہداف کے حصول کے لیے مختلف حکمت عملیوں پر تبادلہ خیال کیا۔ مجرمانہ اور دیوانی مقدمات کو، جیسا کہ ماہانہ پلان میں تفصیل دی گئی ہے، دو اور تین رکنی بینچوں کو تفویض کیا گیا تاکہ مقدمات کو تیزی سے اور مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ معزز ججز نے نظام کی مزید بہتری کے لیے قیمتی مشورے اور سفارشات فراہم کیں، اور مقدمات کے بوجھ کو کم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
-----------------------------------------------------------
کار سرکار میں مداخلت، ایمان مزاری اور ان کے شوہر گرفتار
اسلام آباد پولیس نے کارِ سرکار میں مداخلت کے کیس میں انسانی حقوق کی کارکن اور وکیل ایمان مزاری اور ان کے شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے ایمان مزاری اور ان کے شوہر عبدالہادی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
گزشتہ ہفتے بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے دورے کے دوران دونوں میاں بیوی نے کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے روٹ کھلوانے کی کوشش کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ میاں بیوی نے بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے لیے سکیورٹی رسک پیدا کیا تھا۔
اس صورتحال پر ان کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔
ایمان مزاری کو اسلام آباد کے ویمن پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
مخصوص نشستوں کا کیس: سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
پاکستان تحریک انصاف نے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے پر سپریم کورٹ میں الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔
پیر کو یہ درخواست پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سپریم کورٹ میں دائر کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع
پاکستان میں مختلف دورانیے پر مشتمل انسداد پولیو کی قومی مہم آج سے شروع ہو گئی ہے۔
مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو جسمانی معذوری سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔
محکمہ صحت کی خصوصی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو انسداد پولیو ویکسین کے قطرے پلائیں گی۔
پولیو کے خاتمے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر انوارالحق کے مطابق جنوری سے پاکستان میں پولیو کے 39 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سپیکر قومی اسمبلی کا عالمی برادری کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مشترکہ عالمی اقدامات پر زور
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عالمی برادری کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مشترکہ عالمی اقدامات پر زور دیا ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں 45ویں سالانہ پارلیمانی فورم برائے گلوبل ایکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک بڑا خطرہ ہے جس کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’انڈیا کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں مظالم کے خاتمہ کے لیے تمام پارلیمانوں کے اراکین کو دنیا کی ہر پارلیمنٹ میں آواز اُٹھانی چاہیے۔‘
ایاز صادق نے تمام شرکا پر زور دیا کہ ’وہ مباحثوں میں حصہ لیں تاکہ وہ متعلقہ پارلیمنٹ میں اس حوالے سے آواز اُٹھا سکیں۔ 39 ممالک سے اراکین پارلیمنٹ، بین الاقوامی فقہا، دانشور، میڈیا کے اراکین، سول سوسائٹی کے نمائندے اس فورم میں شرکت کر رہے ہیں جو پاکستان کی کامیاب پارلیمانی سفارت کاری کا اظہار ہے۔‘
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پشاور کے کارخانے میں کلیئرنس آپریشن کے دوران تہہ خانے میں دوبارہ آگ بھڑک اٹھی
پشاور کے علاقے حیات آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے کارخانے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے۔
تین دن قبل کارخانے میں آگ لگی تھی، جس کو بجھانے کے لیے چارسدہ، مردان، صوابی، نوشہرہ اور ضلع خیبر سے ٹیمیں منگوائی گئی تھیں۔
ریسکیو 1122 کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران تہہ خانے میں آگ دوبارہ بھڑک اٹھی تھی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ریسکیو اہلکار مسلسل کولنگ کے عمل میں مصروف ہیں۔
بیسمنٹ میں را میٹریل بڑی مقدار میں موجود ہے جس میں آگ لگی ہے۔ کولنگ عمل میں ایک جگہ سے آگ ختم کی جائے تو دوسری جگہ بھڑک اٹھتی ہے۔‘