’کنگ آف بالی وُڈ‘ شاہ رخ خان 59 برس کے ہو گئے
شاہ رخ خان اس وقت بالی وُڈ کے سب سے ذیادی معاوضہ لینے والے اداکار ہیں (فائل فوٹو: گیٹی)
بالی وُڈ کے معروف اداکار اور فلم ساز شاہ رخ خان 59 برس کے ہو گئے ہیں۔
شاہ رخ خان کے مداحوں کے لیے آج کا دن کسی تہوار سے کم نہیں ہوتا۔ دنیا بھر میں فلم بینوں کی ایک وسیع تعداد شاہ رخ خان کو جنون کی حد تک چاہتی ہے۔
تین دہائیوں تک بالی وُڈ انڈسٹری کو درجنوں فلمیں دینے کے باوجود شاہ رخ خان کا فلمی سفر آج بھی جاری ہے۔
ہزاروں لوگ شاہ رخ خان کی ڈمپل والی مسکراہٹ، ہاتھ پھیلانے کے مخصوص انداز اور چُلبُلے سے چٹکلوں سے محظوظ ہوتے ہیں۔
شوبز کے متعلق رپورٹ کرنے والی ویب سائٹ ’فلم بیٹ‘ کے مطابق ممبئی میں واقع شاہ رخ خان کی رہائش گاہ منت کو گزشتہ رات سے برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
گزشتہ شب منت میں ایک پرائیویٹ پارٹی بھی رکھی گئی تھی جس میں شاہ رخ خان کے خاندان اور قریبی دوستوں نے شرکت کی۔
خبروں کے مطابق شاہ رخ خان اپنے مداحوں کے ساتھ اس موقعے پر ملاقات بھی کریں گے تاہم گزشتہ شب سے ہی شاہ رخ خان کے فینز کا منت پہنچنے کا سلسلہ شروع ہے۔
شاہ رخ خان کی کُل دولت
شاہ رخ خان نے ہمیشہ کی طرح 2024 میں بھی ایسی فلمیں دی ہیں جنہوں نے ریکارڈ کمائی کی ہے۔
شاہ رخ خان کی رواں برس 2024 میں تین فلمیں ’پٹھان‘، ’جوان‘ اور ’ڈنکی‘ ریلیز ہوئی ہیں۔
’پٹھان‘ سال 2024 کی سب سے ذیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے ایک ہے۔
مجموعی طور پر شاہ رخ خان سات ہزار300 کروڑ انڈین روپے کی دولت کے ساتھ انڈیا کے سب سے امیر اداکار ہیں۔
شاہ رخ خان کی کمائی کا بڑا حصہ فلموں سے آتا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی آمدن کے اہم ذرائع میں مختلف کاروبار، پروڈکشن ہاؤس ریڈ چیلیز انٹرٹینمنٹ، کلکتہ نائٹ رائڈرز اور دوسری کاروباری شراکت داریاں شامل ہیں۔
شاہ رخ خان اںڈین فلم انڈسٹری کے سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والے اداکار ہیں۔
کچھ رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان ایک فلم کا معاوضہ 150 سے 200 کروڑ انڈین روپے وصول کرتے ہیں۔