مملکت کے کون سے علاقے سنیچر تک بارش سے متاثر رہیں گے؟
مدینہ منورہ، قصیم اور نجران کے علاقے ہلکی بارش سے متاثر ہو سکتے ہیں۔ (فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں محکمہ موسمیات نے اس ہفتے کے آخر تک مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ سنیچر تک مملکت کے کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے اس حوالے سے احتیاط برتنے اور محفوظ مقامات پر رہنے اور ان مقامات سے دور رہنے کا مشورہ دیا جہاں بارش کا پانی جمع ہوتا ہو۔
محکمہ شہری دفاع نے اس حوالے سے بارش سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ کا علاقہ ہلکی سے درمیانے درجے تک کی بارش سے متاثر ہوگا جبکہ طائف، اضم، العرضیات، الجموم، الکامل اور القنفذہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
جنرل ڈائریکٹوریٹ کا کہنا ہے کہ حائل، تبوک، الجوف، حدود شمالیہ، عسیر اور جازان کے علاقوں میں درمیانے سے تیز بارش کا امکان ہے جبکہ مشرقی ریجن، الباحہ میں ہلکی اور درمیانے درجے جبکہ مدینہ منورہ، قصیم اور نجران کے علاقے ہلکی بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
دوسری جانب الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے تجزیہ کار عقیل العقیل کا کہنا ہے کہ وسطی اور شمالی علاقوں میں جمعے سے آئندہ ہفتے تک بارشوں کے امکانات کم ہوجائیں گے۔
العقیل نے کہا کہ اس وقت مملکت کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں دن بدن کمی ہورہی ہے اور موسم قدرے بہتر ہوتا جارہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ جمعرات تک حائل، الجوف اور شمالی حدود ریجن میں بارش کے امکانات ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں