دبئی: پاکستان نے بیس بال یونائیٹڈ عرب کلاسک چیمپئن شپ جیت لی
پیر 11 نومبر 2024 10:08
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان کی بیس بال ٹیم پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی (فوٹو: پاکستان بیس بال فیڈریشن)
پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی بیس بال یونائٹڈ کلاسک چیمپئن شپ جیت لی ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا اور فائنل میں میزبان متحدہ عرب امارات کو 12-1 ہرا دیا۔
بیس بال یونائیٹڈ عرب کلاسک متحدہ عرب امارات میں 7 سے 10 نومبر تک منعقد ہوا جس کا انتظام مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا کی بیس بال تنظیم ’بیس بال یونائیٹڈ‘ نے کیا۔
ٹورنامنٹ میں سعودی عرب، پاکستان، متحدہ عرب امارات، انڈیا، بنگلہ دیش، افغانستان، فلسطین، سری لنکا اور نیپال نے حصہ لیا۔
پاکستان نے ہفتے کے روز افغانستان کو 17-3 سے ہرا کر اتوار کو فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ اس سے پہلے پاکستان نے انڈیا کو 12-0 اور متحدہ عرب امارات کو 10-3 سے اور 7 نومبر کو بنگلہ دیش کو 10-0 سے ہرایا تھا۔
پاکستان کی باضابطہ بیس بال باڈی پاکستان فیڈریشن بیس بال عالمی سطح پر ورلڈ بیس بال سافٹ بال کنفیڈریشن کے ذریعے تسلیم شدہ ہے۔
پاکستان فیڈریشن بیس بال کی بنیاد سید خاور شاہ نے 1992 میں رکھی تھی اور یہ گزشتہ تین دہائیوں میں جنوبی ایشیا میں ایک ممتاز بیس بال فیڈریشن بن کر ابھری ہے۔
اس سے قبل پاکستان بیس بال نے گزشتہ 15 سالوں میں ایشیا بھر میں ہونے والے ٹورنامنٹس میں 10 چیمپئن شپس جیتی ہیں، جن میں جنوری 2023 میں اسلام آباد میں ہونے والا ویسٹ ایشیا کپ بھی شامل ہے۔