مکہ، عسیر اور الباحہ میں بارش، تبوک اور الجوف میں سردی
جمعرات 24 اکتوبر 2024 9:51
’مدینہ منورہ، ریاض، بجران اور مشرقی ریجن میں ہلکی بارش کی توقع ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج جمعرات کو مکہ مکرمہ، عسیر، جازان اور الباحہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ، ریاض، بجران اور مشرقی ریجن میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’تبوک، الجوف، شمالی حدود، حائل اور قصیم میں درجہ حرارت میں واضح کمی محسوس ہوگی جبکہ مشرقی ریجن کے بعض شہروں کے علاوہ جنوبی اور مغربی بالائی علاقوں میں رات کے آخری پہر اور صبح سویرے دھند چھائی رہے گی‘۔
مکہ مکرمہ ریجن کے حوالے سے محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جموم، الکامل اور القنفذہ میں ہلکی بارش ہوگی جبکہ طائف، میسان، المویہ، تربہ اور الخرمہ میں کہیں تیز اور کہیں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے‘۔
’مدینہ منورہ کے المہد اور وادی الفرع علاقوں میں ہلکی بارش ہوگی تاہم دن بھر تیز ہوا چلتی رہے گی جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہونے کا امکان ہے‘۔