مسائل کا حل رات کے آخری پہر کے سجدے میں ہے: وزیر توانائی
’میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مسک فاؤنڈیشن قائم کی ہے‘ ( فوٹو: ایکس)
وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان نے کہا ہے کہ تمام مسائل کا حل رات کے آخری پہر سجدوں میں ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے یہ بات انٹر نیشنل مسک فورم میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔
شہزادہ عبد العزیز بن سلمان سے سوال کیا گیا ہے کہ نوجوانوں کو فیلڈ میں جانے کے بعد بے شمار مسائل اور مشکلات کا سامنا ہوتا ہے، آخر ان مسائل کا حل اور امید و حوصلہ کہاں سے حاصل کیا جائے۔
انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’میں نہایت ایمانداری اور سچائی سے جواب دوں گا، امید، حوصلہ اور مسائل کا حل رات کے آخری پہر کے سجدوں میں ہے‘۔
’جو شخص رات کے آخری پہر سجدوں کا اہتمام کرے گا، ایمان اور اخلاص کے ساتھ دعا کرے گا تو یقینا اس کا رب اس کے مسائل حل کرے گا اور راہیں آسان کرے گا‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مسک فاؤنڈیشن قائم کی ہے‘۔
’ہمارے ہاں شاہی خاندان میں آپس کے معاملات خاص طریقہ کار سے ہوتے ہیں جس کی وجہ سے ہم سب کے لیے مثالی نمونہ بنے ہوئے ہیں‘۔