Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی صدر کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی: صدر طیب اردوغان

اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے اپنا آذربائیجان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا (فوٹو:اے پی)
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیلی صدر کو آذربائیجان میں منعقدہ کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان نے برازیل میں جی20 سمٹ کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا کہ ’ہم نے اسرائیلی صدر کو کوپ سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی۔ ہم نے متبادل راستے اور دیگر آپشنز تجویز کیے تھے۔‘
یاد رہے کہ اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے اپنا آذربائیجان کا دورہ منسوخ کر دیا تھا۔
اسرائیلی ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’صورتحال کے جائزے اور سکیورٹی وجوہات کی بناء پر صدر نے آذربائیجان میں کلائمیٹ کانفرنس کے لیے اپنا دورہ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسرائیل نے ایک سال قبل حماس کے حملے کے بعد غزہ میں فلسطینی اسلامی گروپ کے خلاف تباہ کن جنگ شروع کی تھی۔
ترکیہ نے غزہ میں جنگ شروع ہونے کے بعد اسرائیل سے اپنے سفیر کو مشاورت کے لیے واپس بلا لیا تھا تاہم، اس نے سرکاری طور پر اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات منقطع نہیں کیے اور اس کا سفارت خانہ کُھلا ہوا اور فعال ہے۔
رجب طیب اردوغان نے اسرائیلی صدر کے دورۂ باکو کے حوالے سے کہا کہ ’مجھے واقعی نہیں معلوم کہ وہ جا سکتے تھے یا نہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کچھ معاملات پر بطور ترکیہ، ہم ایک موقف اختیار کرنے پر مجبور ہیں، اور ہم ایسا کرتے رہیں گے۔‘

شیئر: