پپ جی گیم پر دوستی رشتے میں بدل گئی، امریکی لڑکی کا پاکستانی نوجوان سے نکاح
بدھ 20 نومبر 2024 11:28
فیاض احمد، اردو نیوز۔ پشاور
فلورز سارہ 19 نومبر کو شہاد حسین کے ساتھ نکاح کے بندھن میں بندھ گئیں (فوٹو: شہاد حسین)
پپ جی گیم پر تین برس کی دوستی کو رشتے میں بدلنے کے لیے 18 سالہ امریکی لڑکی پاکستان پہنچ کر چترالی نوجوان سے نکاح کے بندھن میں بندھ گئی۔
فلورز سارہ نامی امریکی خاتون دو روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع چترال پہنچیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز منگل کو اپنے 23 سالہ دوست شہاد حسین کے ساتھ نکاح کر لیا۔
چترال پولیس کے مطابق شہاد حسین اور فلورز سارہ کی نکاح تقریب 19 نومبر کو چترال کے ایک نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی اور شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا خلیق الزمان نے ان کا نکاح پڑھایا۔
خطیب مولانا خلیق الزمان نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’لڑکی کی رضامندی سے نکاح پڑھایا اور اس موقع پر فلورز سارہ کی والدہ بھی موجود تھیں۔ لڑکی کے نام میں سارہ پہلے سے موجود تھا اس لیے نام میں تبدیلی نہیں کی۔‘
فلورز سارہ اپنی والدہ کے ہمراہ دو روز قبل ٹورسٹ ویزے پر پاکستان پہنچی تھیں اور دونوں نے لوئر چترال کے ایک نجی ہوٹل میں قیام کیا۔ پولیس کے مطابق اسی ہوٹل میں چترالی نوجوان کے ساتھ نکاح کی تقریب منعقد ہوئی نوجوان کا تعلق چترال کے علاقے مروئی سے ہے۔
مقامی شہری رئیس الدین نے بتایا کہ ’امریکی لڑکی اور چترالی نوجوان کی دوستی تین سال پرانی ہے جو پپ جی گیم پر ایک دوسرے سے ملے تھے۔ لڑکی کی والدہ کی رضامندی کے ساتھ انہوں نے شادی کا ارادہ کیا اور چترال پہنچ کر شادی کی۔‘
رئیس الدین نے کہا کہ دونوں کی شادی بڑی دھوم دھام سے اور روایتی طریقے سے ہوئی۔ لڑکی کو روایتی دلہن کی طرح تیار کیا گیا جبکہ ان کی والدہ کو مقامی لباس پہنا کر مہندی لگائی گئی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس شادی میں پورے گاؤں کو مدعو کیا گیا تھا اور امریکی دُلہن کا سن کر دور دراز کے علاقوں سے بھی خواتین نے شادی میں شرکت کی۔‘