یمن میں بارودی سرنگوں کی صفائی، اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی پروجیکٹ کے کام کی تعریف
اتوار 24 نومبر 2024 19:39
حوثیوں کی نصب کردہ مزید 840 بارودی سرنگوں کو صاف کیا گیا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے ملٹری مشیر انتونی ہیورڈ نے یمن میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کےلیے سعودی ایجنسی کے مسام پروجیکٹ کے کام کی تعریف کی ہے۔
مارب میں ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کے دورے کے دورران انہوں نے کہا’ یہ پروجیکٹ بارودی سرنگوں سے درپیش چیلنجوں کے باجوود شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ اور یمنی سرزمین کے بڑے علاقے کو محفوظ بنانے کےلیے کام کرتا ہے۔‘
ایس پی اے کے مطاق اقوام متحدہ کے اہلکار نے یمن میں استحکام کے حصول اور شہریوں کے تحفظ کےلیے انسانی بنیادوں پر ایسے منصوبے جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں مسام پروجیکٹ نے گزشتہ ہفتے یمن کے مختلف علاقوں سے حوثیوں کی نصب کردہ مزید 840 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
ان میں اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، بغیر دھماکے کی ڈیوائسز اور اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں شامل ہیں۔
مارب، عدن، الجوف، شبوہ، تعز، حدیدہ، للحج، صنعا، البیضا، الضالع اور صعدہ میں آپریشن کیے گئے۔
2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 70 ہزار470 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
واضح رہے حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔