ریاض میٹرو سروس: 6 زبانوں میں رہنمائی کی سہولت
جمعرات 5 دسمبر 2024 21:13
اشاروں کی زبان کی ماہر بھی رہنمائی کے لیے اسٹیشن پر تعینات کی گئی ہیں (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
ریاض رائل کمیشن نے ’میٹرو ریاض ‘ میں مسافروں کی سہولت کے لیے عربی سمیت متعدد زبانوں کے ماہرین کی خدمات فراہم کی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق ریاض میٹرو میں سفر کرنے والوں کی سہولت کے لیے 6 زبانوں کے ماہرین کی سہولت فراہم کی ہے جن میں چینی ، فرانسیسیی ، انگلش، جرمن، عربی اور اشاروں کی زبان کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
انتطامیہ کی جانب سے ریاض میٹرو میں سفر کرنے والوں کی رہنمائی کے لیے اسٹیشنز پر ترجمہ کے ماہرین کی خدمات فراہم کی ہے جو ٹکٹ حاصل کرنے کے علاوہ میٹرو کے روٹس کے بارے میں بھی مسافروں کی رہنمائی کررہے ہیں۔
میٹرو رہنما گائیڈز کے حوالے سے مسافروں کا کہنا تھا کہ یہ بہترین سروس ہے جو انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی ہے جس سے کافی سہولت ہو رہی ہے۔
رہنما گائیڈز اسٹیشنز پر ڈیوٹی دیتے ہیں اور ہر آنے والوں کی خندہ پیشانی سے استقبال کرتے ہیں ۔ جن افراد کو ٹکٹ کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے یہ گائیڈ انہیں ٹکٹ حاصل کرنے کا طریقہ بتاتے ہیں۔