برطانوی وزیراعظم نے ابو ظبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا
برطانوی وزیراعظم نے ابو ظبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا
پیر 9 دسمبر 2024 20:50
مسجد کے ڈیزائن کے بارے میں بتایا گیا جو صدیوں پرانے اسلامی فن تعمیر سے متاثر ہے (فوٹو: وام)
برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر نے پیر کو متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے دوران ابوظبی میں شیخ زاید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا۔
امارات کے خبررساں ادرارے وام کے مطابق برطانیہ میں امارات کے سفیر منصور بالھول الفلاسی اور امارات میں برطانوی سفیر ایڈورڈ ہوبارٹ سٹارمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
شیخ زاید گرینڈ مسجد سینٹر کے ڈائریکٹر جنرل یوسف العبیدلی نے برطانوی وزیر اعظم کو مسجد کا دورہ کرایا۔
کیئرسٹارمر کو مسجد کے ڈیزائن کے بارے میں بتایا گیا جو صدیوں پرانے اسلامی فن تعمیر سے متاثر ہے۔
ابوظبی کی شیخ زاید گرینڈ مسجد کا افتتاح 2007 میں ہوا تھا (فوٹو: ایس پی اے)
اس موقع پر برطانوی وزیراعظم نے کہا ’برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کی ایک مشترکہ تاریخ اور صدیوں پرائے گہرے تعلقات ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا ’شیخ زاید گرینڈ مسجد مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مشترکہ انسانی اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کررہی ہے اور یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں دنیا بھر کے لوگ امن کے ساتھ ملتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ ابوظبی کی شیخ زاید گرینڈ مسجد کا افتتاح 2007 میں ہوا تھا۔ یہ دنیا کی سب سے بڑی مساجد میں سے ایک اور اسلامی فن تعمیر اور ڈیزائن کو یکجا کرنے والی آرکیٹیکچرل آئیکن ہے۔
قبل ازیں برطانوی وزیر اعظم نے ابوظبی کے الشاطی محل میں امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی، دونوں رہنماوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔