ریاض میں مسک آرٹ ویک میں 20 فوٹوگرافروں کی منفرد تصاویر کی نمائش
ریاض میں مسک آرٹ ویک میں 20 فوٹوگرافروں کی منفرد تصاویر کی نمائش
منگل 10 دسمبر 2024 20:38
شہر کے تاریخی ورثے اور جدید عمارات کی خوبصورتی کو محفوظ کیا گیا ہے۔ فوٹو: عرب نیوز
سعودی دارالحکومت ریاض میں مسک آرٹ ویک جاری ہے جہاں مختلف فنون سے متعلق سیمینارز کے علاوہ آرٹ ٹیکنالوجی کے امتزاج پر مبنی منفرد نمائشیں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کی ابھرتی ہوئی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کے لیے ’ملامح ریاض‘ نامی نمائش میں 20 مقامی اور بین الاقوامی فوٹوگرافروں نے اپنے فن کے ذریعے شہر کی بدلتی ہوئی تصویر کو پیش کیا ہے۔
سعودی فوٹوگرافر مشاری الدوسری نے اپنی تصاویر کے ذریعے شہر کے تاریخی ورثے اور جدید عمارات کی خوبصورتی کو محفوظ کیا ہے۔
مشاری کی تصاویر میں قدیم محلوں کے گھروں اور ان کے سامنے کھڑی پرانی گاڑیوں کو دکھایا گیا ہے جو ان گھروں میں زندگی کی جھلک پیش کرتی ہیں۔
الدوسری نے کہا آج کل کے گھر بند ڈبوں کی طرح لگتے ہیں، ان میں وہ حسن نہیں جو قدیم گھروں میں تھا ، پرانے دور کی عمارات اور رہن سہن کو ٹھیک طرح سے دستاویزی شکل میں محفوظ نہیں کیا گیا جو اب غائب ہو رہا ہے۔
اطالوی آرٹسٹ آرمانڈو پرنا جو گزشتہ سال مسک آرٹ انسٹی ٹیوٹ کی ’مساحہ‘ نمائش میں شامل ہوئی تھیں، انہوں نے ریاض کی بدلتی ہوئی ہیئت کو اپنی تصاویر کے ذریعے پیش کیا ہے۔
آرمانڈو پرنا کی تصاویر ریاض کے مضافاتی علاقوں کو اجاگر کرتی ہیں، جہاں اکثر علاقوں کی معروف گزرگاہوں پر موجود سادہ اور خوبصورت مساجد دکھائی دیتی ہیں۔
اطالوی آرٹسٹ نے کہا اس قسم کی تصاویر میں آپ کو وہ نشانیاں ملتی ہیں جو ان مقامات کی شناخت تھیں، یہ نشانیاں زمین کے ساتھ ایک خاص تعلق پیدا کرتی تھیں۔
نمائش میں ماضی اور حال کو یکجا کرنے والی مختلف تصاویر کی نمائش کی گئی ہے، معروف فوٹوگرافر دلال المطیری نے ’دی ریڈ سلائیڈ‘ کے نام سے اپنے فن کے ذریعے بچپن کی یادوں کو دوبارہ زندہ کیا ہے کیا جبکہ فیصل بن زراح نے اپنی صلاحیتوں کو ابھارتے ہوئے ریاض کے معروف الفیصلیہ ٹاور اور المملکہ ٹاور کو تصاویر میں دکھایا ہے۔
ابھرتی ہوئی سعودی فوٹوگرافر سارہ الانصاری نے ریاض میں بسنے والے عوام، فن تعمیر اور ثقافت کو دستاویزی شکل میں پیش کیا ہے۔
سارہ کی دو تصاویر پرانے محلوں کی دکانوں کے ہاتھ سے لکھے گئے سائن بورڈز اور 1980 کی دہائی کے ایک شاپنگ سینٹر کی رنگین عمارت کو اجاگر کرتی ہیں۔
سارہ الانصاری نے نمائش کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا ’مسک آرٹ ویک کا حصہ بننا میرے لئے ایک شاندار تجربہ ہے، مجھے اپنی تصاویر کے ساتھ قدیم علاقوں کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بہت پرسکون لگتا ہے۔
نمائش میں شامل دیگ فنکاروں میں ہاجر علی، لطیفہ البخاری، محمد الجبران، سارہ سعد، اور تمارا حمد شامل ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں