ریاض میں انٹرنیشنل چاکلیٹ و کافی فیسٹول کا آغاز
مقامی اور عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے (فوٹو: عاجل)
ریاض میں انٹرنیشنل چاکلیٹ و کافی فیسٹول کا آغاز ہوگیا جو 14 دسمبر تک جاری رہے گا۔
فیسٹول میں 350 سے زائد مقامی اور عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں کی جانب سے سٹالز لگائے گئے ہیں۔
عاجل نیوز کے مطابق گزشتہ برس کے میلے میں 40 ممالک کی نمائندہ کمپنیوں نے شرکت کی تھی۔ فیسٹول میں جہاں چاکلیٹ کی مصنوعات متعارف کرائی جارہی ہیں وہاں ان کی تیاری اور مارکیٹنگ کے حوالے سے معلوماتی ورکشاپس بھی منعقد کیے جائیں گے۔
کافی و چاکلیٹ فیسٹول میں سرکاری اور نجی شعبے کے علاوہ اس صنعت سے وابستہ علاقائی خاندان بھی شرکت کررہے ہیں جو ’کافی‘ جسے ’گرین گولڈ‘ بھی کہا جاتا ہے کی کاشت کے میدان میں خاندانی تجربہ رکھتے ہیں۔
فیسٹول میں کافی کی تیاری اور اسے پیش کرنے کے خصوصی طریقوں کا بھی تعارف کرایا جائے گا۔ علاوہ ازیں ماہرین کی نگرانی میں اس فن کی تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے عرب ممالک میں سعودی عرب کا شمار سب سے زیادہ کافی (قہوہ) کے استعمال میں کیا جاتا ہے جبکہ ایشیائی ممالک میں اس حوالے سے مملکت کا نمبر دسواں ہے۔