Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوریٰ کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبدالله بن محمد الشیخ پاکستان پہنچ گئے

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا (فائل فوٹو:قومی اسبملی سیکریٹریٹ)
سعودی عرب کے شوریٰ کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبدالله بن محمد بن ابراہیم الشیخ  پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
قومی اسمبلی سکرٹیریٹ کی جانب سے منگل کو جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ اعلی سطح کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔
 قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا اور اس موقعے پر بچوں نے شوریٰ کونسل کے سربراہ کو گلدستہ پیش کیا۔
اس موقعے پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ’پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
بیان کے مطابق سعودی مجلس شوریٰ کے سربراہ ڈاکٹر محمد بن عبد اللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے اس موقعے پر کہا کہ ’پاکستان کا دورہ کر کے انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں اور پرتپاک استقبال پر سپیکر قومی اسمبلی کا ممنون ہوں۔‘
سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ’سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے سربراہ کا دورہ پاکستان دوطرفہ پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے میں اہم پیش خیمہ ثابت ہو گا۔
اس سے قبل قومی اسمبلی سکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی شوریٰ کونسل کے سربراہ پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سپیکر قومی اسمبلی کے علاؤہ صدر مملکت، وزیراعظم پاکستان، چیئرمین سینٹ اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے۔

شیئر: