سعودی عرب میں سردی کی شدید لہر برقرار، کون سے علاقے زیادہ متاثر؟
طریف میں منفی 3 ڈگری درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے ( فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب کے کئی علاقوں میں سردی کی شدید لہر برقرار ہے۔ مملکت میں اتوار کو سب سے کم درجہ حرارت حدود الشمالیہ کے علاقے طریف میں منفی 3 ڈگری درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
عاجل نیوز کے مطابق الجوف کے علاقے القریات اور رفحا گورنریٹ میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ، عرعر میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ اور حفر الباطن میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسمیات کے قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا’ الجوف، تبوک، اور حائل میں 4 ڈگری جبکہ بریدہ میں 6 ڈگری، الدوامی میں 8 ڈگری، دمام، الاحسا اور طائف میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔‘
یاد رہے موسمیات کے قومی مرکز نے خبردار کیا تھا کہ تبوک، الجوف، حائل اور شمال مشرقی علاقے اتوار سے منگل تک سردی کی شدید لہر سے متاثر ہوں گے۔ کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔
پیر اور منگل کو قصیم، ریاض اور الشرقیہ کے علاقے بھی سردی کی لہر سے متاثر ہوں گے، جہاں کم سے کم درجہ حرارت 2 سے 5 سینٹی گریڈ تک رہننے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔