Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نفرت مت پھیلائیں‘، نسل پرستانہ کمنٹ کے الزام پر کپل شرما نے خاموشی توڑ دی

کپل شرما کو ہدایت کار ایٹلی کی ظاہری شخصیت کو نشانہ بنانے کا الزام لگایا جا رہا ہے (فوٹو: سکرین شاٹ)
انڈیا کے مشہور کامیڈین اور کمپیئر کپل شرما کا ’نسل پرستانہ‘ تبصرے کے الزام پر ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
  این ڈی ٹی وی کے مطابق کپل شرما پر ہدایت کار ارون کمار ایٹلی کی شخصیت کے حوالے سے نامناسب جملوں کا الزام اس وقت سامنے آیا جب انہوں نے اپنے شو کا ٹیزر شیئر کیا جسے بہت زیادہ دیکھا گیا تاہم اس پر تنقید بھی ہوئی۔
ایک ایکس صارف نے لکھا کہ ’کپل شرما نے ایٹلی کی ظاہری شخصیت کو نشانہ بنایا، ایٹلی نے ایک باس کی طرح جواب دیا۔ ظاہری شخصیت سے کسی کے بارے میں اندازہ مت لگائیں بلکہ دل کو دیکھیں۔‘
اس کے جواب میں کپل شرما نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ڈیئر سر، کیا آپ براہ مہربانی اس کی وضاحت کر سکتے ہیں کہ ویڈیو میں کہاں میں نے ظاہری شخصیت پر بات کی؟ سوشل میڈیا پر نفرت مت پھیلائیں۔‘
انہوں نے مزید صارفین کو دعوت دیتے ہوئے لکھا کہ وہ خود دیکھیں اور فیصلہ کریں اور بھیڑ کی طرح کسی اور کی ٹویٹ کا فالو نہ کریں۔
ہدایت کار ایٹلی ورون دھاون، وامقہ گبی اور کریتی سریش کے ہمراہ کرسمس پر ریلیز ہونے والی فلم بے بی جان کی پروموشن کے لیے شرکت کی۔
اس قسط کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے جس کے بارے میں صارفین کا خیال ہے کہ کپل شرما نے فلم ’جوان‘ کے ہدایت کار ایٹلی کے بارے میں نسل پرستی پر مبنی تبصرہ کیا۔

سوشل میڈیا پر کپل شرما اور ڈائریکٹر کے درمیان سوال جواب کا کلپ وائرل ہے (فوٹو: انڈیا ٹوڈے)

کلپ میں کپل شرما کو ایٹلی سے پوچھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کہ ’آپ نوجوانی میں ہی ایک بہت بڑے پروڈیوسر اور ہدایت کار بن گئے ہیں، کبھی ایسا ہوا کہ آپ پہلی بار کسی فلمی ستارے سے ملنے گئے ہوں اور انہوں نے آپ سے پوچھا ہو کہ ایٹلی کہاں ہیں؟‘
ایٹلی نے جواب میں کہا کہ ’میں آپ کے سوال کو سمجھ گیا ہوں، میں جواب دینے کی کوشش کروں گا۔ میں دراصل پروڈیوسر کا مشکور ہوں۔ انہوں نے سکرپٹ کے بارے میں پوچھا مگر یہ نہیں دیکھا کہ میں کیسا دکھتا ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے میرے کام کو پسند کیا، میرے خیال میں دنیا کو آپ کا کام اور دل دیکھنا چاہیے ظاہری شخصیت نہیں۔‘
صرف ایکس صارفین ہی نہیں بلکہ گلوکارہ چمنئی سری پادا نے بھی کپل شرما کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
’کیا یہ کامیڈی کے نام پر رنگت کے حوالے سے ایسے نسل پرستانہ مذاق کو کبھی نہیں روکیں گے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’کپل شرما جیسی اثرورسوخ رکھنے والی شخصیت کی جانب سے ایسی باتیں مایوس کن ہیں مگر حیران کن نہیں۔‘
کلپ پر مختلف قسم کے تبصرے سامنے آئے تاہم زیادہ تر میں کپل شرما کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’کپل شرما نے ایٹلی کی ظاہری شخصیت کا مذاق اڑایا مگر انہوں نے مائیک ڈراپ ردعمل دیا، شکل سے نہیں دل سے جج کریں۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’المیہ کپل یا چینل نہیں بلکہ معاشرہ ہے جو ایسی فضول باتوں سے لطف اندوز ہوتا  ہے۔‘

شیئر: