Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممبئی میں انڈین نیوی کی سپیڈ بوٹ مسافر کشتی سے ٹکرا گئی، 13 افراد ہلاک

حادثے میں 13 افراد ہلاک ہوئے جبکہ مسافر کشتی میں 110 افراد سوار تھے (فوٹو: ہندوستان ٹائمز)
ممبئی میں انڈین نیوی کی کشتی مسافر کشتی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔
انڈین نیوی کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق بحریہ کی سپیڈ بوٹ ممبئی کے ساحلی علاقے میں انجن کی پڑتال کرنے کی غرض سے سمندر میں چکر کاٹ رہی تھی کہ اچانک عملے کے کنٹرول سے باہر چلی گئی اور مسافر کشتی سے جا ٹکرائی۔
بیان کے مطابق اس تصادم میں انڈین نیوی کا ایک افسر اور تکنیکی عملے کے دو ارکان سمیت کُل 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
مسافر کشتی میں 110 کے قریب افراد سوار تھے جبکہ حادثے سے چند سیکنڈز پہلے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں یہ ایک چھوٹی کشتی کو بے اختیار ہو کر بڑی کشتی کی جانب بڑھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق تین مزید افراد کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 94 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔
نیوی کے بیان کے مطابق ’شام چار بجے نیوی کی ایک کشتی جس کے انجن کی پڑتال کی جا رہی تھی کنٹرول کھو کر ’گیٹ وے انڈیا‘ سے ’ایلفینٹا آئی لینڈ‘ جانے والی مسافر کشتی سے ٹکرا گئی۔‘
واقعے کے دو گھنٹے بعد کشتی کے ٹکرانے کی ویڈیو سامنے آئی، اس سے پہلے یہ کہا جا رہا تھا کہ مسافر کشتی ڈوب گئی ہے، تاہم اس کے ڈوبنے کی وجوہات سامنے نہیں آئی تھیں۔
مزید سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ اپنی جان بچانے کے لیے حفاظتی جیکٹس پہن رہے ہیں جبکہ کچھ کو ریسکیو کے لیے پہنچنے والی کشتیوں میں بٹھایا جا رہا ہے۔
انڈین نیوی اور کوسٹ گارڈز کی 11 کشتیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا جبکہ میرین پولیس کی تین اور کوسٹ گارڈزز کی ایک کشتی بھی ریسکیو مشن کا حصہ رہی۔
سرچ آپریشن میں چار ہیلی کاپٹرز نے بھی حصہ لیا جبکہ مقامی ماہی گیروں اور جوہر لعل نہرو پورٹ کے عملے نے بھی ریسکیو مشن میں حصہ لیا۔

شیئر: