Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی وزیر دفاع کی اماراتی صدر سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

اماراتی صدر نے ابوظبی کے قصر الشاطی میں سعودی وزیر دفاع کا خیرمقدم کیا( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے منگل کو ابوظبی کے قصر الشاطی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید سے ملاقات کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید نے امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید آل نہیان کی موجودگی میں سعودی وزیر دفاع کا خیرمقدم کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے اماراتی صدر کو سعودی قیادت کی جانب سے تہنیتی پیغام پہنچایا، حکومت اور عوام کے لیے مزید ترقی اور خوشحالی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شہزادہ خالد بن سلمان نے آفیشل ایکس اکاونٹ پر لکھا’ مجھے اپنی قیادت کی طرف سے تہنیتی پیغام دینے کا اعزاز حاصل ہوا۔‘
’ہم نے سعودی عرب اور امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کا جائزہ، علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کے ساتھ مشترکہ مفاد کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔‘
وام کے مطابق دونوں رہنماؤں نے خطے میں سلامتی، امن، اور استحکام برقرار رکھنے کے لیے کوششوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام بن عبدالعزیز بن سیف بھی موجود تھے۔
اماراتی صدر کے مشیر شیخ محمد بن حمد بن طحنون آل نہیان، سیکرٹری جنرل سپریم کونسل برائے قومی سلامتی علی بن حمد الشامسی اور چیئرمین صدر کے دفتر برائے سٹریٹجک امور اور چیئرمین ابوظبی ایگزیکٹو آفس ڈاکٹر احمد مبارک المزروئی بھی شریک رہے۔

شیئر: