پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ کی تاریخ تبدیل، تقریب کب ہوگی؟
پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے لیے ہونے والے ڈرافٹ کی تقریب کی تاریخ اور مقام کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
پی اس ایل 10 کی ڈرافٹ کی تقریب 11 جنوری کے بجائے اب 13 جنوری کو ہوگی۔
پی ایس ایل کے رواں سال شیڈول سیزن کی تقریب صوبہ بلوچستان کے شہر گوادر کی بجائے لاہور کے حضوری باغ قلعہ میں منعقد کی جائے گی۔
پہلے یہ تقریب گوادر میں ہونا تھی تاہم لاجیسٹک چیلنجنز کے باعث اسے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 10 کے ڈرافٹ کی تقریب 13 جنوری کو دوپہر ساڑھے 12 بجے شروع ہوگی۔
اس سال پی ایس ایل کا سیزن 8 اپریل سے 19 مئی کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں شریک چھ ٹیمیں 13 جنوری کو لاہور کے سب سے مشہور ورثے والے مقام پر پلیئر ڈرافٹ کی تقریب کے دوران اپنے سٹارز پر مشتمل سکواڈز کا انتخاب کریں گی۔
دوسری جانب مارچ میں ہونے والے پی ایس ایل ٹرافی ٹور کے رُوٹ میں گوادر ایک اہم مقام کے طور پر شامل ہوگا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔