کیا ایکس کے مالک ایلون مسک ٹک ٹاک خرید رہے ہیں؟
بدھ 15 جنوری 2025 18:29
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
ایلون مسک ٹیسلا اور سپیس ایکس کے مالک ہیں (فوٹو: گیٹی)
ٹک ٹاک نے اس رپورٹ کو افسانوی قرار دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ چین ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کے امریکی آپریشنز کو ارب پتی ایلون مسک کو فروخت کرنے پر غور کر رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹک ٹاک کو امریکی قانون کے تحت چین سے فوری طور پر اپنے اثاثے الگ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل بلوم مرگ نے رپورٹ کیا تھا کہ چینی حکام ٹک ٹاک کے امریکہ میں جاری آپریشنز کو ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کو بیچنے پر غور کر رہے ہیں۔
یعنی ٹک ٹاک کے امریکہ میں چلنے والے تمام تر آپریشنز کو ایلون مسک کو بیچ دیا جائے گا۔
اس رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایکس (سابقہ ٹوٹر) بائٹ ڈانس سے ٹک ٹاک خریدے گا اور اسے اپنے پلیٹ فارم میں ضم کر دے گا۔
ٹک ٹاک کے ترجمان نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اس رپورٹ کو محض افسانہ قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی قیمت 40 سے 50 بلین ڈالرز کے درمیان بتائی گئی تھی۔
گو کہ ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص ہیں تاہم بلوم برگ کے مطابق انہیں یہ ادائگی کرنے کے لیے اپنا کوئی اثاثہ بیچنا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ برس امریکی کانگرس نے ایک قانون پاس کیا تھا جس کے تحت بائٹ ڈانس کو اپنے پلیٹ فارم ٹک ٹاک کو امریکہ میں بند کرنے یا پھر امریکی آپریشنز کو کسی امریکی کو بیچنے کا پابند کیا گیا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ قانون نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے سے صرف ایک روز قبل نافذ عمل ہو جائے گا۔
امریکی حکومت کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ چین ٹک ٹاک کے ذریعے صارفین کا ڈیٹا حاصل کرتا ہے اور پھر اسے پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرتا ہے۔
چین اور ٹک ٹاک حکام کی جانب سے امریکی حکومت کے الزامات کو مسترد کر دیا گیا تھا۔
ٹک ٹاک نے اس قانون کو امریکہ کی سپریم کورٹ میں چیلینج کیا تھا جس پر گذشتہ جمعے کو سماعت ہوئی تھی۔