Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سال 2024 میں سرفہرست پانچ سمارٹ فون کمپنیاں کون سی؟

سام سنگ کی گلیکسی ایس 24 سیریز سب سے زیادہ مقبول ثابت ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
 عالمی سمارٹ فون مارکیٹ 2024 میں مسلسل دو سال تنزلی کا شکار رہنے کے بعد ترقی کی طرف لوٹ آئی ہے۔
کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ مارکیٹ پلس کی ریسرچ کے مطابق 2024 میں سمارٹ فون کی عالمی فروخت میں 4 فیصد سالانہ اضافہ ہوا۔
اس کی بڑی وجہ اقتصادی بہتری کے باعث صارفین کے بدلتے ہوئے رجحانات تھے۔ اس سے قبل 2023 میں سمارٹ فون کی فروخت ایک دہائی میں سب سے کم تھی۔
سمارٹ فونز کی مارکیٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ریسرچ ڈائریکٹر ترون پاٹھک نے کہا، ’سال 2024 سمارٹ فونز کی فروخت کے لیے بحالی کا سال تھا۔ 
انہوں نے کہا ’سمارٹ فونز بدستور ایک ضروری پراڈکٹ ہیں، جو لوگوں کی روزمرہ کی زندگی کے لیے اہم ہیں، اور جیسے ہی معاشی دباؤ کم ہوا، مارکیٹ نے آثار دکھانا شروع کردیے۔ یورپ، چین اور لاطینی امریکہ کی مارکیٹس میں ترقی دیکھی گئی‘۔


سال 2024 سمارٹ فون کمپنیوں کے لیے بہتر ثابت ہوا۔ (فوٹو: کاؤنٹرپوائنٹ ریسرچ مارکیٹ پلس)

سال 2024 میں زیادہ بکنے والے سمارٹ فونز برانڈز کون سے تھے؟

گزشتہ سال 2024 میں سمارٹ فونز اور الیکٹرانکس کمپنی سام سنگ پہلے نمبر پر رہی، جس کی وجہ ان کا فلیگ شپ فون ایس 24 الٹرا اور اے سیریز فونز کی زیادہ مانگ تھی۔
S24 سیریز مصنوعی ذہانت پر مبنی پہلے فون کے طور پر جانی گئی اور ایس سیریز کے پرانے ماڈلز پر سبقت لے جانے میں کامیاب رہی۔ اس فون کو خاص طور پر مغربی یورپ اور امریکہ میں زیادہ پذیرائی ملی۔


سام سنگ ایس 24 الٹرا کو پہلے باضابطہ مصنوعی ذہانت کے حامل فون کے باعث جانا گیا۔ (فوٹو: zdnet)

فہرست میں 18 فیصد حصص کے ساتھ امریکی کمپنی ایپل دوسرے نمبر پر رہی۔
گزشتہ برس ایپل کی آئی فون 16 سیریز کو ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑا، جس کی وجہ لانچ کے وقت ایپل انٹیلی جینس کی غیر دستیابی تھی۔ مگر ایپل لاطینی امریکہ، افریقہ، ایشیا پیسفک اور دیگر میں مضبوطی سے ترقی کرتا رہا۔


ستمبر 2024 میں لانچ ہونے والی آئی فون کی 16 سیریز کو ملے جلے رجحان کا سامنا کرنا پڑا (فوٹو: ٹوم گائیڈ) 

چین کی کمپنی شاؤمی نے 2024 میں سرفہرست پانچ برانڈز میں سب سے تیزی سے ترقی کی اور تیسری نمبر پر رہی، جس سے کمپنی کے پورٹ فولیو اور توسیعی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا۔
 چوتھے نمبر پر اوپو رہا، جو سال کے آغاز میں تو پیچھے رہا مگر اختتام مضبوطی اور تیز رفتار کے ساتھ کیا۔ 
ویوو نے انڈیا اور چین میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے پانچویں نمبر پر جگہ بنائی۔ 
سال 2024 کے ٹاپ فائیو سمارٹ فونز برانڈ 2023 کی طرح ہی رہے لیکن تمام ٹاپ 10 برانڈز میں ہواوے، آنر اور موٹورولا نے ان کمپنیوں کو شدید مقابلے کی زد میں رکھا۔ 

شیئر: