Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہلک حادثے کے بعد 68 ہزار مسافروں نے جیجو ایئر کی ٹکٹیں منسوخ کروا دیں

اتوار کے روز 181 مسافروں پر مشتمل جیجو ایئر کا طیارہ ایئرپورٹ پر کریش کر گیا تھا جس میں 179 مسافر ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی کوریا کی جیجو ایئر لائن کے طیارے کو پیش آنے والے مہلک حادثے کے بعد ایئرلائن کو بڑے پیمانے پر فلائٹس کی منسوخی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
امریکی ٹیلی ویژن سی این بی سی کے مطابق جنوبی کوریا کی بجٹ ایئرلائن جیجو نے منگل کے روز اعلان کیا کہ اب تک 68 ہزار سے زائد مسافر اندرون اور بیرون ملک پروازیں منسوخ کروا چکے ہیں۔
جنوبی کوریا کی خبر رساں ایجنسی یونہاپ کے مطابق جنوبی کویا کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے تک 33 ہزار سے زائد مقامی اور 34 ہزار کے قریب بین الاقوامی بکنگز منسوخ کروائی گئیں۔
پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ اتوار کی صبح 9 بجے کے بعد شروع ہوا، جب جیجو ایئر کا طیارہ 7C2216 موآن ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے وقت تباہ ہو گیا تھا اور 181 مسافروں میں سے 179 ہلاک ہو گئے تھے۔
جنوبی کوریا کی مقامی ٹریول ایجنسیوں نے بھی مسافروں کی جانب سے ٹور پیکجز کی منسوخی میں اضافے کی اطلاع دی، جبکہ کچھ آپریٹرز کو معمول سے زیادہ منسوخی کی شرح کا سامنا رہا۔
اس صورتحال کے پیش نظر بہت سی ٹریول ایجنسیوں نے اپنے ٹیلی ویژن اور آن لائن اشتہارات بھی روک لیے ہیں اور نئے سال کی چھٹیوں کی مناسبت سے پروموشنل اقدامات بند کر دیے ہیں۔
ایک ٹریول ایجنٹ نے خبرساں ایجنسی یونہاپ کو بتایا کہ ’ہم نے صرف اتوار کو پروازوں کی منسوخی پر تقریباً 40 انکوائریاں کیں۔ ہم نے منسوخیوں کی معمول کی تعداد میں تقریباً دوگنا اضافہ اور بکنگز میں 50 فیصد کمی دیکھی۔‘
’کئی مسافر اس بارے میں بھی استفسار کر رہے تھے کہ آیا انہوں نے اسی بوئنگ ماڈل کے طیارے مں سفر کرنا تھا جو حادثے کا شکار ہوا اور تصدیق پر وہ ٹکٹ منسوخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘

مہلک حادثے کے بعد جیجو ایئر کے ایک اور طیارے میں لینڈنگ گیئر کی خرابی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد مسافر ایئرلائن پر سفر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

ٹریول انڈسٹری کے ذرائع کا کہنا ہے کہ، ’ٹریول ایجنسی مسلسل صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور توقع کر رہی ہے کہ ایوی ایشن کے حفاظتی اقدامات پر مسافروں کی تشویش بڑھنے کے ساتھ یہ اثرات برقرار رہیں گے۔‘
جیجو ایئر کے مطابق ’طیارے کے مہلک حادثے کے بعد ایک اور واقعے میں پیر کو جیجو ایئر کا اسی ماڈل کا طیارہ دوبارہ لینڈنگ گیئر کے مسئلے کا شکار ہوا جس کے باعث طیارے کو واپس ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق، اس واقعے کے بعد تقریباً 21 مسافروں نے حفاظتی خدشات کی وجہ سے متبادل طیارے میں سوار نہ ہونے کا انتخاب کیا۔
جیجو ایئر کی پروازC1017 نے صبح 6 بج کر 37 منٹ پر جیمپو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اڑان بھری جس کے بعد اس کے لینڈنگ گیئر میں خرابی  پائی گئی، ایئرلائن نے مسافروں کو مکینیکل خرابی سے آگاہ کیا اور صبح 7بج کر 25 منٹ پر پرواز کو جمپو ایئرپورٹ پر واپس لینڈ کیا۔
دوسری جانب پیر کو جیجو ایئر کے حصص میں 15 فیصد کمی بھی دیکھنے میں آئی اور اس کے سب سے بڑے شیئر ہولڈر اے کے ہولڈنگز کے حصص میں بھی 12 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔
اس کے ساتھ ہی ساتھ جنوبی کوریا کی متعدد مقامی ٹریول ایجنسیوں کے حصص میں 5 فیصد سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔

شیئر: