سعودی فضائیہ کی امارات میں میزائل وار سینٹر کی مشترکہ مشقوں میں شرکت
سعودی فضائیہ کے کمانڈر نے ایئر فورس کے گروپ کو رخصت کیا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی رائل ایئرفورس میزائل ایئر وار سینٹر کی مشترکہ فضائی مشق میں حصہ لے رہی ہے جو امارات کے الظفرہ ایئر بیس پر جاری ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ترکی بن بندر بن عبدالعزیز نے ایسٹرن سیکٹر میں کنگ عبدالعزیز ایئر بیس پر مشق میں حصہ لینے والے ایئر فورس کے گروپ کو رخصت کیا۔
انہوں نے مشق کے حوالے سے ایئر فورس کی تیاریوں کا معائنہ کیا جس کا مقصد برادر اور دوست ملکوں کے اتحادیوں کے ساتھ بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط کرنا، مصنوعی جنگی ماحول میں منصوبہ بندی، فوجی مہارت کا تبادلہ کرنا اور شریک ملکوں کی صلاحیتوں اور جدید ہتھیاروں کے استعمال میں ان کی تیاری کا جائزہ لینا ہے۔
مشق میں شریک گروپ کے کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ عبدالکریم بن علی الزہرانی نے بتایا سعودی فضائی چھ ایف 15 سی ڈی طیاروں کے ساتھ میزائل ایئر سینٹر کی مشقوں میں حصہ لے رہی ہے۔
اس کا مقصد آپریشنل تیاری کو بڑھانا، فضائی، تیکنیکی اور معاون عملے کے لیے تجربہ حاصل کرنا، فضائی جنگی طریقوں کی حکمت عملی اور طریقہ کار کو بہتر بنانا اور مختلف فضائی جنگی اصولوں کے بارے میں سیکھنا شامل ہے۔