Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ ریجن میں معیشت و ثقافت میں بہتری آ رہی ہے: ڈیولپمنٹ اتھارٹی

مسجد کا رقبہ دس گنا بڑھا کر 66 ہزار نمازیوں کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔ فوٹو واس
سعودی وژن 2030 کے تحت مدینہ منورہ میں معیشت اور ثقافت کے علاوہ  ریجن کے رہائشیوں کی زندگی کے معیار میں بہتری آ رہی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے ’ریجن میں ترقی اور یہاں ہونے والی تبدیلیوں کو اجاگر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
مدینہ ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف سٹریٹجی آفیسر ایہاب سالم نے بتایا ہے ’ہم ریجن کے گورنر کی ہدایت سے علاقائی معاشی ترقی اور سرمایہ کاری میں اضافے کے ذریعے وژن 2030 کے اہداف حاصل کریں گے۔
مدینہ ریجن میں مختلف شعبوں میں مرد و خواتین کاروباری افراد کے لیے بے شمار مواقع فراہم کئے جائیں گے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے ’ اقتصادی طور پر مدینہ ریجن کی مقامی مجموعی علاقائی پیداوار جی ڈی پی2023 میں 118 ارب  ریال تھی جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری 53 ارب ریال رہی اور 2024 کی دوسری سہ ماہی میں بے روزگاری کی شرح میں کمی واقع ہوئی۔
مدینہ منورہ میں زائرین کی تعداد 2024 میں 18 ملین رہی اور  یورومونیٹر انٹرنیشنل انڈیکس کے مطابق دنیا کے اولین 100 سیاحتی شہروں کی فہرست میں 88ویں نمبر پر رہا۔

مدینہ منورہ میں زائرین کی تعداد 2024 میں 18 ملین ریکارڈ کی گئی۔ فوٹو واس

سیاحتی کارکردگی کے انڈیکس میں عالمی سطح پر ساتویں نمبر پر رہا اور قومی شہری ورثہ رجسٹر میں 3200 مقامات کا اندراج ہوا۔
اتھارٹی نے بتایا ہے ’حال ہی میں سعودی کیپٹل مارکیٹ اتھارٹی کے اعلان کردہ تاریخی فیصلے سے اب مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں درج رئیل سٹیٹ سعودی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ممکن ہے۔‘

مدینہ اتھارٹی ریجن میں ترقی اور تبدیلیوں کو اجاگر کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ فوٹو واس

مدینہ سمارٹ سٹی کے کامیاب پروجیکٹ کے بعد انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈیولپمنٹ کے سمارٹ سٹی انڈیکس میں عالمی سطح پر 74ویں نمبر ہیں جب کہ 2023 میں 85ویں نمبر پر تھے۔
مدینہ منورہ سٹی میں کئے گئے دیگر قابل ذکر اقدامات میں وژن رئیلائزیشن پروگرام کے تحت کنگ سلمان پروجیکٹ برائے توسیع مسجد قبا شامل ہے، اس منصوبے میں مسجد کا رقبہ دس گنا بڑھا کر 66 ہزار نمازیوں کی گنجائش فراہم کی گئی ہے۔
 

 

شیئر: