Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان میں انڈین بادام ’لوز الھند‘ کا موسم ، درختوں پر شاندار پھل کی بہار

یہ پھل نرم ساخت اور میٹھے ذائقے کی وجہ سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے جازان میں انڈین بادام (لوز الھند) کا موسم، زرعی اور اقتصادی ترقی میں اہم ہے جو یہاں منفرد موسمی زرعی پیداوار بن چکا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق انڈین بادام کا درخت گھنے پتوں، وسیع چھاؤں اور خوش ذائقہ پھل کی وجہ سے ممتاز ہے اور اسے علاقے میں خاص پہچان حاصل ہے۔
انڈین بادام جازان کی زرعی شناخت میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے جو علاقے کے گرم اور معتدل موسم میں بہترین اور وافر پھل دیتا ہے، یہ پھل لذت اور غذائی خصوصیات کے ساتھ  قدرتی تیل کی وجہ سے انتہائی مقبول ہے۔
جازان میں اس پھل کے پکنے کا موسم فروری میں شروع ہوتا ہے جب درختوں پر سفید اور پیلے رنگ کے پھول کھلتے ہیں جو شہد کی مکھیوں کو بھی راغب کرتے ہیں۔
یہ پھل مئی سے جولائی کے درمیان آہستہ آہستہ پکنے لگتا ہے، اس کا رنگ سبز سے زرد یا سرخ میں تبدیل ہو جاتا ہے جو اس کے مکمل پک جانے کی علامت ہے۔
جون اور جولائی میں اس پھل کی پیداوار عروج پر ہوتی ہے اور مقامی بازاروں میں اس کی فروخت بڑی مقدار میں ہوتی ہے۔

انڈین بادام کا درخت گھنی چھاؤں اور خوش ذائقہ پھل کی وجہ سے ممتاز ہے۔ فوٹو الوطن

اس خاص قسم کے لوز الھند کی تیار اور پکی ہوئی پھلی کا وزن 15 سے 30 گرام کے درمیان ہوتا ہے جو اپنی نرم ساخت، آسانی سے کھولے جانے والے گودے اور بھرپور میٹھے ذائقے کی وجہ سے بے حد پسند کی جاتی ہے۔
جازان کے مختلف بازاروں کے علاوہ انڈین بادام کی پھلیاں جازان مارکیٹ سے قریبی علاقوں صبیا، بیش، ابو عریش، صامطہ اور دیگر گورنریٹ میں بھی  پہنچائی جاتی ہیں۔

اس پھل کا جازان کی زرعی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ہے۔ فوٹو واس

جازان کے علاقے میں ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور نسبتاً زیادہ درجہ حرارت کے باعث لوز الھند کی پیداوار معیاری ہوتی ہے، جس کی وجہ سے اس کی پیداوار کے لیے سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔
جازان کی زرعی اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے انڈین بادام کا تیل نکالنے کے لیے فیکٹریوں کا قیام اور قدرتی اور صحت بخش غذا کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کے لیے نامیاتی زراعت (آرگینک فارمنگ) کو فروغ دیاجا رہا ہے۔
 

 

شیئر: