پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے میچز میں اب تک کس کا پلڑا بھاری؟
بدھ 19 فروری 2025 10:04
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
تین ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں بھی نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں سے پاکستان کو مات دی۔ (فوٹو: پی سی بی)
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں آج پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
دونوں ٹیمیں دوپہر دو بجے سے کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں مقابلہ کریں گی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہمیشہ سے ہی کانٹے کے مقابلے دیکھنے کو ملے ہیں۔
اگر دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے میچز کی تاریخ کو دیکھا جائے تو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں اب تک 118 مرتبہ آپس میں کھیل چکی ہیں۔
ون ڈے کرکٹ میں نیوزی لینڈ پر پاکستان کو سبقت حاصل ہے۔
پاکستان نے 118 میں سے 61 میچز اپنے نام کیے ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کو 53 میچوں میں جیت حاصل ہوئی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے جبکہ ایک میچ برابر ہوا۔
پاکستان نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر نیوزی لینڈ کو 22 مرتبہ شکست دی جبکہ نیوزی لینڈ نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کو 31 مرتبہ ہرایا۔
پاکستان نے نیوزی لینڈ کو اُن کے گھر پر 15 مرتبہ ہرایا جبکہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پاکستان میں 8 میچوں میں شکست دی۔
نیوٹرل وینیوز پر پاکستان کو 24 جبکہ نیوزی لینڈ کو 14 میچوں میں جیت حاصل ہوئی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ رواں ماہ تین ملکی ون ڈے سیریز میں بھی دو مرتبہ آمنے سامنے آئی چکی ہیں۔
تین ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 78 رنز سے ہرایا جبکہ سیریز کے فائنل میں بھی نیوزی لینڈ نے پانچ وکٹوں سے پاکستان کو مات دی۔
واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ چیمپئنز ٹرافی کے ٹورنامنٹس میں تین بار مدمقابل آچکے ہیں اور چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان آج تک نیوزی لینڈ سے نہیں جیت سکا۔
