ممبئی .....مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے کسانوں کے 34ہزار کروڑ روپے کے قرضے معاف کردیئے۔ہفتے کو مہاراشٹر کابینہ کا ایک اجلاس ہوا جس میں یہ اہم فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ دیویندر نے کسانوں کیلئے قرضے کے پیکیج کو حتمی شکل دی۔ انہوں نے بعد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ لاکھ روپے کا قرض لینے والے کسانوں کے قرضے مکمل معاف کئے جائیں گے۔ ہمیں معلوم ہے کہ ہم پر اس سے بوجھ پڑیگا مگر اپنے اخراجات کم کرینگے۔ تمام وزراءاور ارکان اسمبلی قرضے معاف کرنے کے سلسلے میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پچھلے 2دن سے مختلف اپوزیشن جماعتوں اور سرکاری افسران سے مشورے کررہی تھی جس کے بعد پیکیج کو حتمی شکل دی گئی۔ خیال ہے کہ اس سے 65لاکھ کسانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ جو کسان پابندی کے ساتھ اپنے واجبات ادا کرتے ہیں انکے لئے بھی ایک خصوصی اسکیم شروع کی جارہی ہے۔ ہم نے اپنے پروگرام سے شیوسینا کے سربراہ اودھو ٹھاکرے اور اپوزیشن کے اہم رہنماﺅں کو آگاہ کردیا ہے۔ جمعرات کو وزیراعلیٰ فرنویس نے این سی پی کے سربراہ شرد پوار سے دہلی میں ملاقات کی تھی۔