Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

6 ملین سے زیادہ عمرہ ویزے جاری ہوئے، وزیر حج و عمرہ

سب سے زیادہ معتمرین پاکستان سے آئے، انڈونیشیا سے آنے والے معتمرین دوسرے جبکہ ہند کے معتمرین تیسرے نمبر پر رہے
مدینہ منورہ(یوسف بلوچ) امسال عمرہ ویزوں کے اجراءمیں ریکارڈ اضافہ ہوا۔ دنیا میں معاشی ابتری کے باوجود سال رواں کے دوران سعودی سفارتخانوں نے 6 ملین، 750 ہزار عمرہ ویزے جاری کئے۔ گزشتہ سال عمرہ ویزوں کی تعداد 6 ملین 393 ہزار تھی۔ وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے کہا ہے کہ ویژن 2030 کی روشنی میں عمرہ ویزوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ آنے والے برسوں کے دوران حج و عمرہ منصوبے کے تحت عمرہ موسم میں بھی توسیع کی جائے گی اور ویزوں کے اجراءمیں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ابتری کے باوجود بعض ممالک سے معتمرین کی تعداد کم ہوئی ہے مگر وزارت حج و عمرہ نے کمی کو پورا کرنے کیلئے دیگر ممالک میں عمرہ ویزے میں مزید سہولتیں دے کر کمی کو پورا کرلیا ہے۔ کامیاب عمرہ منصوبے کی وجہ سے سال رواں کے دوران عمرہ ویزوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہواہے۔ انہوں نے کہا کہ مقدس شہروں میں فائیو اسٹار ہوٹلوں کی بکنگ کی شرح میں 113 فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ فور اسٹار ہوٹلوں کی بکنگ میں 71.2 فیصد اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ معتمرین پاکستان سے آئے۔ یہاں سے آنے والے معتمرین کی تعداد 14 لاکھ 46 ہزار 284 رہی۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں یہ تعداد 45 فیصد زیادہ ہے۔ دوسرے نمبر پر انڈونیشیا کے معتمرین ہیں جن کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 25 فیصد زیادہ رہی۔ انڈونیشیا سے آنے والے معتمرین کی تعداد 8 لاکھ 75 ہزار 958 رہی۔ تیسرے نمبر پر ہندوستانی معتمرین ہیں جن کی تعداد 5 لاکھ 24 ہزار 604 تھی۔ فہرست میں چوتھے نمبر پر بنگلہ دیشی معتمرین رہے۔ 

شیئر: