واشنگٹن .... کرسچن سائنس مانیٹر نامی امریکی جریدے نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد بنانے کے فیصلے سے مرتب ہونے والے نتائج پر روشنی ڈالی ہے۔ امریکی جریدے کا کہناہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کو ولی عہد بنانے سے نوجوان شہزادوں کے سامنے ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں شراکت کے دروازے کھل گئے۔سعودی عرب کی 70فیصد آبادی 30برس سے کم عمر کے شہریوں پر مشتمل ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کے ولی عہد اور نائب وزیراعظم بنائے جانے سے اس عزم کا اظہار ہوا ہے کہ سعودی قیادت اقتصادی اصلاحات لانے والی شخصیت کو آگے بڑھارہی ہے۔ شہزادہ محمد اپنے ہم عمر نوجوانوں کے قریب ہیں۔ نوجوانوں کی ضروریات ترجیح بنیادوں پر پوری کرینگے۔سعودی وژن 2030 کے تحت شہزادہ محمد بن سلمان آنے والی نسلوں میں زبردست تبدیلی لاچکے ہیں۔ وہ مملکت کے اداروں ، محکموں اور وزارتوں میں سعودی عوام کی ضرورتیں پوری کرنے کیلئے نوجوان شہزادوں ، مشیران اور ٹیکنو کریٹس کثیر تعداد میں تعینات کراچکے ہیں۔