مانچسٹر.... تھامس کک ایئر لائنز کے ایک طیارے کو جو کیوبا کیلئے پرواز کررہا تھا،اڑان کے فور بعد واپس مانچسٹر میں اترنا پڑا کیونکہ اس کے ونگ کا ایک حصہ ٹوٹ کر گر چکا تھا۔ مانچسٹر ایئرپورٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ طیارہ 322مسافروں کو لیکر دوپہر 12بجکر 20منٹ پر کیوبا کیلئے روانہ ہوا۔ آئرلینڈ پر پرواز کرتے ہوئے پائلٹ کو فنی خرابی کا علم ہوا۔ اس نے ہنگامی طور پر مانچسٹر میں لینڈنگ کی۔ پائلٹ کا کہناہے کہ اسے یہ عندیہ ملا تھا کہ طیارے میں تیل کی کمی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسافروں کی حفاظت ہماری اولیں ترجیح ہے اور اس طیارے کا اب مکمل معائنہ ہو گا اس کے بعد ہی اسے اڑان کی اجازت دی جائیگی۔ اسکے ونگ کی مرمت شروع کردی گئی ہے۔ ایئرلائنز نے مسافروں کو ہوٹل میں ٹھہرا دیا۔ انہیں دوسری پروازسے کیوبا بھیجا جائیگا۔