نئی دہلی۔ ۔۔۔۔وزیر اعظم مودی نے ملک میں بالواسطہ ٹیکس لگانے کے نئے نظام جی ایس ٹی کا افتتاح کردیا۔رات گئے صدر پرنب مکھرجی اور وزیراعظم مودی نے ایک بڑی اسکرین پر جی ایس ٹی کے بٹن کو دبا کر افتتاح کیا۔اس موقع پر نائب صدر حامد انصاری،سابق وزیر اعظم دیوے گوڑا ، لوک سبھا کی اسپیکر سمترا مہاجن ، وزیر خزانہ ارون جیٹلی،ممبرپارلیمنٹ ،وزرائے اعلیٰ، ریاستی وزرائے خزانہ اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔اس موقع پر صدر پرنب مکھرجی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی کا نفاذ ملک کیلئے مثالی ہے اور یہ وقت کا تقاضا تھا۔ مجھے بڑی خوشی ہے کہ یہ نافذ ہوا۔نیا قانون ہندوستانی جمہوریت کی بالغ نظری کیلئے خراج تحسین بھی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ جی ایس ٹی ہندوستانی جمہوریت کی کامیابی کی بہترین مثال ہے۔اس کا کریڈٹ کسی ایک پارٹی یا حکومت کو نہیں جاتا بلکہ سب کو جاتا ہے۔پارلیمنٹ میں ہونیوالی اس تقریب پر اپوزیشن کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس نظام کے افتتاح کیلئے پارلیمنٹ کے سینٹرل ہال سے بہتر اور مقدس مقام کوئی اور نہیں تھا۔