کراچی... کراچی ائیر پورٹ پر کھڑے پی آئی اے طیارے کے انجن سے نٹ بولٹ برآمد ہونے پر طیارے کو پروازسے روک دیا گیا۔ طیارے کو مبینہ طور پر گرانے کی ساز ش ناکام بنا دی گئی۔ اے ٹی آر طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے فیصل آباد جانا تھا۔ معمول کی چیکنگ کے دوران انجن سے نٹ بولٹ اوراسٹیل کی تاریں بر آمد ہوئیں۔ طیارے کو گراونڈ کردیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ نٹ بولٹ اور اسٹیل کی تاریں رکھنے سے طیارے کا انجن خراب ہوچکا ہے اگر اسے چیک کئے بغیر اڑنے کی اجازت دی جاتی تو بہت بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔ انجن کے خراب ہونے سے 6 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔پی آئی اے حکام نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔پی آئی اے کا یہی طیارہ ایک دن قبل بہاولپور سے کراچی پہنچا تھا۔