سڈنی... سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی ویسٹ انڈیز کے خلاف سست ترین بیٹنگ کے سبب سخت تنقید کی زد میں ہیں انہیں ریٹائرمنٹ لینے پر زور دیا جا رہا ہے اس موقع پر سابق آسٹریلین وکٹ کیپر ایڈم گلکرسٹ نے خصوصی پیغام بھیجا ہے۔ویسٹ انڈیز کے خلاف چوتھے میچ میں تو دھونی نصف سنچری بنانے کے باوجود اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرا سکے لیکن تیسرے ون ڈے میں انہوں نے 78 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ہند کو اچھے مجموعے تک رسائی دلائی تھی۔اس اننگز کے دوران ہی انہوں نے 9410 رنز بنانے والے ایڈم گلکرسٹ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ان سے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے باز کا اعزاز بھی چھین لیا تھا۔دھونی اب تک 9496 رنز بنا چکے ہیں سب سے زیادہ رنز بنانے والے وکٹ کیپر بلے بازوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پرآگئے جہاں ان سے آگے صرف عظیم سری لنکن بلے باز کمار سنگاکارا ہیں۔گلکرسٹ نے دھونی کے نام خصوصی پیغام میں کہا کہ رنز کی دوڑ میں مجھے پیچھے چھوڑنے پر مبارکباد۔یہ سب وقت کی بات ہے۔