اسلام آباد... پانا مہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں پیر کو حتمی رپورٹ جمع کرادی ۔ ذرائع کے مطابق رپورٹ500 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ رینجرز کے خصوصی دستے نے جے آئی ٹی ارکان کو سیکیورٹی فراہم کی۔ جس وقت جے آئی ٹی ارکان سپریم کورٹ پہنچے تو ان کے ساتھ2 باکس بھی کمرہ عدالت میں لے جائے گئے جن پر لفظ ثبوت تحریر تھا۔گزشتہ روز جے آئی ٹی نے اپنے اجلاس میں رپورٹ مکمل کی تھی۔ رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بچوں پر لگنے والے الزامات کے درست یا غلط ہونے سے متعلق حقائق پر مبنی ہے۔ اس میںسفارشات شامل ہیں۔ سرکاری حکام اور حدیبیہ پیپر ملز کیس میں تفتیش کر نے والے ایف آئی اے اور نیب کے سابق ملازمین کے بیانات کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا گیا۔ قطری شہزادے حمد بن جا سم کو لکھے جا نے والے خطوط اور جوابات کی الگ فائل تیار کی گئی ہے۔ شریف فیملی سے متعلق سرکاری اداروں کے ریکارڈ اور ایف بی آر کی جانب سے متعلقہ ریکارڈ کی عدم فرا ہمی کو بھی رپورٹ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ایس ای سی پی کی ریکارڈ ٹمپرنگ ، بیرون ملک اور آڈٹ فرمز کی رپورٹ اور دبئی سے ملنے والی دستاویز بھی رپورٹ میں شامل ہیں۔