ریاض- - - - امریکی نیوز چینل سی این این نے 2013ء اور 2014ء کے دوران طے پانے والے ریاض معاہدے کی وہ خفیہ دستاویزات رائے عامہ کے سامنے پیش کردیں جنہیںقطری حکام نے پامال کیا ہے۔ان میں سے ایک دستاویز کا تعلق شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز ، امیر کویت شیخ صباح الاحمد او رامیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کے درمیان 2014ء میں طے پانے والے معاہدے سے ہے۔ یہ دستاویز ہاتھ سے تحریر کی گئی تھی۔ اس میں عہد کیا گیا تھا کہ جی سی سی کے کسی بھی ملک کے اندرونی ملک میں بلواسطہ یا بلا واسطہ مداخلت نہیں کی جائے گی۔ جی سی سی کے کسی شہری کو اپنے ملک کے قوانین کے منافی سرگرمی پر نہ تو شہریت دی جائے گی اور نہ پناہ دی جائے گی۔ اس سے متعلقہ ملک کی منظوری والے واقعات مستثنیٰ ہوں گے۔ دستاویز میں یہ بھی تحریر ہے کہ الاخوان یا جی سی سی کے امن و استحکام کو خطرات سے دوچار کرنے والے افراد یا تنظیموں کو بھی پناہ دینے سے پرہیز کیا جائے گا۔ سی این این نے ایک اور دستاویز جاری کی ہے جس پر خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ کے دستخط ہیں۔ اس میں تحریر ہے کہ اگر مقررہ طریقہ کار کی پابندی نہ کی گئی تو کونسل کے باقی ممالک کو اپنے امن و استحکام کے تحفظ کیلئے اقدامات کی اجازت ہوگی۔