ریاض- - - - - - انسانی حقوق کے ادارے نے واضح کیا ہے کہ سعودی جیلوں اور حوالات میں قیدی حد سے زیادہ بھر گئے ہیں۔ قیدیوں کی تعداد کھپت سے زیادہ ہے۔ بعض قیدی پوچھ گچھ کے انتظار کی گھڑیاں گن رہے ہیں۔ قانونی طور پر مقدمے کی سماعت کیلئے مقررمیعاد پر قیدیوں کو پوچھ گچھ کیلئے بلایا نہیں جا رہا ہے۔ ادارہ انسانی حقوق کے اہلکاروں نے ان تاثرات کا اظہار سعودی عرب کی مختلف جیلوں کے 857دورے کر کے کیا۔ انہوں نے اسلامی شریعت رائج الوقت قوانین اور عالمی ضابطوں کی تعمیل کا پتہ لگانے کیلئے دورے کئے تھے۔ ادارے نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر منگل کو رپورٹ جاری کر کے جیلوں اور حوالات کی بابت 4مشاہدات ریکارڈ کرائے۔ ایک مشاہدہ یہ بھی تھا کہ بعض مقدمات کے فیصلے تاخیر سے کئے جا رہے ہیں جبکہ قیدیوں کو حفظان صحت کی خدمات مطلوبہ شکل میں مہیا نہیں ہیں۔ انسانی حقوق کے ادارے کے ایک وفد نے دیگر مسائل جیلوں اور حوالات کے حکام سے بات چیت کر کے حل کرا دیئے۔ ادارے نے بتایا کہ 209دورے جنرل جیلوں کے کئے گئے، 225محکمہ خفیہ کے ماتحت حوالات کے کئے گئے۔ علاوہ ازیں 398دیگر حوالات کے ہوئے۔ اصلاح خانوں کے 25دورے کئے گئے۔ گزشتہ برس کے مقابلے میں امسال 381دورے زیادہ کئے گئے۔