Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی فورسز کا مسجد اقصیٰ بند کرنا امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے، پاکستان علماء کونسل

لاہور - - -  - - مسلمانوں کے مقدسات پر حملے نا قابل قبول ہیں ، اسرائیلی فورسز کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو بند کرنا امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اسلامی سر براہی کانفرنس عرب لیگ ، عالمی دنیا اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری اقدامات کرے۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ، مولانا عبد الحمید وٹو ، مولانا محمد ایوب صفدر، مولانا عبد الکریم ندیم ، مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا پیر نعیم اللہ فاروقی ، مولانا قاری محمد ادریس قاسمی ، مولانا اسعد زکریا ، مولانا محمد شفیع قاسمی ، مولانا حاجی محمد طیب قادری ، مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فورسز کی طرف سے مسجد اقصیٰ کو بند کر دینا سیاہ ترین قدم ہے ، اسرائیلیوں کی طرف سے مسلسل جارحیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی اور مسلم دنیا مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ، انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے درجہ ایمان کی حرارت کو چیک کرنے کیلئے بیت المقدس ، مسجد نبوی اور بیت اللہ کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ مسلم علماء ، مفکرین اور حکمرانوں کو اس جارحیت پر غور و فکر کرنا ہو گا، انہوں نے کہا کہ قطر اور عرب ممالک کے اختلافات سے شام اور فلسطین کے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔عالمی دنیا اور مسلم دنیا کی توجہ فلسطین اور شام کے مسئلہ سے ہٹ گئی ہے۔ قطر اور عرب ممالک کو فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے مسائل کو حل کرنا چاہیے اور قطر کی حکومت کو چاہیے کہ وہ خلیج تعاون کونسل اور عرب ممالک کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے معاملات پر عرب ممالک کو گفتگو کے ذریعے قائل کرے۔ رہنمائوں نے سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبد العزیز سے اپیل کی کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف فوری طور پر مسلم قائدین کا اجلاس بلائیں اور شام ، فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔

شیئر: