حوثی باغی پسپائی سے قبل انتقاماً بارودی سرنگیں بچھا دیتے ہیں ، کرنل صالح
اتوار 16 جولائی 2017 3:00
عدن- - - - -یمنی افواج کی تھرڈ بٹالین میں انجیئنرنگ کور کے کرنل صالح طریق کا کہنا ہے کہ باغی حوثیوںنے مارب کمشنری کے اطراف میں 16 ہزار بارودی سرنگیں نصب کر رکھیں ہیں ۔ سعودی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کرنل صالح نے مزید کہا کہ یمن میں باغیوں نے مارب کمشنری سے پسپائی کے وقت مختلف مقامات پر 16 ہزار بارودی سرنگیں نصب کر دیں تاکہ وہاں آنے والے ان سرنگوں کی نذر ہو جائیں ۔مارب کمشنری سے باغیوں کے انخلاء کے بعد یمنی ملیشیا وہاں نصب باروردی سرنگیں صاف کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے سانحہ سے بچایا جاسکے ۔ کرنل صالح کا مزید کہنا تھا کہ حوثی باغیوں کی جانب سے انتقامی طورپر بارودی سرنگیں نصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ وہ جس علاقے سے پسپائی اختیار کرتے ہیں انتقاما ً اس علاقے میں بڑے پیمانے پر بارودی سرنگیں نصب کر دیتے ہیں ۔ تھرڈ بٹالین کی انجئینرنگ کور نے گزشتہ چند ہفتوں کے اندر مختلف علاقوں سے جہاں سے حوثیوں نے پسپائی اختیار کی4500 بارودی سرنگیں صاف کی ہیں ۔ کرنل صالح کا مزید کہنا تھا کہ انکی بٹالین شہریوں کی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر اس علاقے کا بڑے پیمانے پر سروے کرتی ہے جہاں سے حوثی باغی بھاگ جاتے ہیں تاکہ علاقے کو جان لیوا بارودی سرنگوں سے صاف کیا جاسکے ۔ کرنل صالح نے بین الاقوامی تنظیموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں وسیع علاقے میں بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کوصاف کرنے کیلئے انجینیئرز اور جدید آلات کی اشدضرورت ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔