اسلام آباد... تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف وزارت عظمی پر رہنے کا اخلاقی جواز کھو بیٹھے ہیں۔ اب بھی وقت ہے، نوا ز شریف مستعفی ہوجائیں۔ انہیں جانا ہوگا ورنہ نکالا جائے گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے الزام عائد کیا کہ و زیراعظم نواز شریف بزنس کے بہانے کرپشن کر رہے تھے۔ انہوں نے ہر جگہ جھوٹ بولا۔آج پوچھتے ہیں کہ ان کا قصور کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ساری کابینہ کرپشن چھپانے میں مصروف ہے۔شریف خاندان کی جانب سے کمپنیاں اور کارخانے کرپشن کا پیسہ ری سائیکل کرنے کے لئے بنائے گئے۔حدیبیہ پیپر ملز منی لانڈرنگ کے لئے قائم کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ ن لیگ میں ایسے لوگ بھی جو نواز شریف سے دور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی جماعت کو موجودہ الیکشن کمیشن پراعتماد نہیں۔ ایسا الیکشن کمیشن بنایا جائے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم نافذ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی قیمتی زرمبادلہ وطن بھیجتے ہیں، انہیں ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔