لاہور------مسجد نبوی شریف کے نائب امام، مؤذن الشیخ ایاد بن احمد شکری نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ قتل و غارت، فتنہ وفساد ، لڑائی کو پسند نہیں کرتا ، کسی پر کفر کے فتوے نہ لگائو۔ بدکار حاکم وقت کے خلاف افرا تفری نہ پھیلاؤ اس کے خلاف خرو ج نہ کرو ،امن و امان کو پسند کرنے والے صحیح مشن اور منہج پر ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوکے سنٹر اعظم کلاتھ مارکیٹ میں واقع جامع مسجد اسحاق میں نماز جمعہ کے خطبہ میں کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے عالم اسلام کے اتحاد،سلامتی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی دعاکرائی ۔ نائب امام نے دعا کراتے ہوئے کہاکہ مسلمانوں کی مدد فرما ،کمزوروں کی مدد فرما ،جو بیمار ہیں انہیں شفائے کاملہ عطا فرمائے ،جومقروض ہیں انہیں قرض سے نجات دلا،ہماری اولاد کو بیویوں کو دین پر چلا ان کی حفاظت فرما ۔حرمین شریفین کی حفاظت فرما،پاکستان کی حفاظت فرما اپنے فضل، رحمت سے نواز ،اس میں امن و امان قائم فرما اور اسے مضبوط اسلام کا قلعہ بنا۔اس کے حکمرانوں کو دین اور رعا یاکیساتھ خیر خواہی کرنیوالا بناپر ، اے اللہ فضل فرما اور رحمتوں سے نواز دے۔ اللہ کا حکم ہے کہ اللہ عدل کا حکم دیتا ہے احسان کرنے کا حکم دیتا ہے رشتہ داروں کو دینے کا حکم دیتا ہے ۔ اللہ نے کہا ہے کہ فحاشی سے رک جائوبرائی سے رک جائو اور یہ بہت بڑی نصیحت ہے اللہ ان نصیحتوں کو قبول کرنے اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔بعد ازاں مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں عثمان نے مسجد نبویؐ کے نائب امام سے ملاقات کی اور ان کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔