جدہ ( ارسلان ہاشمی ) جوازات کے ترجمان کرنل طلال شلہوب کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو دی گئی مہلت سے استفادہ کرنے والے بالا تاخیر وطن روانہ ہو جائیں ۔ گرفتاری کی صورت میں جرمانے اور قید کی سزا ہو گی ۔ 4 ماہ کی مہلت سے استفادہ کرکے وطن جانے والوں میں سے 15 ہزار سے زائد افراد قانونی ویزے حاصل کر کے دوبارہ مملکت پہنچ چکے ہیں ۔ اردونیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کرنل شلہوب نے مزید کہا کہ غیر قانونی تارکین وطن کو دی گئی اضافی مہلت بھی ختم ہو گئی ہے اس دوران جن تارکین نے شعبہ ترحیل سے فائنل ایگزٹ ویزے اسٹیمپ کر لئے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ بلاتاخیر اپنے ملک روانہ ہو جائیں ۔ ایسے تارکین جنہوں نے مہلت کے دوران فائنل ایگزٹ حاصل کر لیا ہے اور وہ مقررہ مدت کے دوران وطن نہیں جاتے تو سسٹم میں انکی رجسٹریشن بلاک کر دی جائے گی جس کے بعد ان افراد پر ان تمام سزائوں کا اطلاق ہو گا جو غیر قانونی تارکین کی گرفتاری کی صور ت میں ہو تا ۔ ایسے افراد کو قید ، جرمانے کے علاوہ مملکت میں کسی بھی ویزے پر داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی جائے گی ۔ غیر قانونی تارکین کے خلاف آپریشن کے بارے میں سوال پر کرنل شلہوب کا کہنا تھا کہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے مملکت کے تمام شہروں میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریش شروع کر دیا گیا ہے اس دوران جو افراد گرفتار ہو رہے ہیں ان پرتمام سزاؤں کا اطلاق کیا جائے گا ۔ واضح رہے وزارت داخلہ نے مارچ 2017ء سے غیر قانونی تارکین کو وطن لوٹ جانے کیلئے 3 ماہ کی مہلت دی تھی جس میں اہم بات یہ تھی کہ مہلت کے دوران جانے والے افراد پر کسی قسم کا جرمانہ عائد ہو گا نہ ہی انہیں دوبارہ مملکت آنے سے روکا جائے گا۔ عام معافی کی شاہی مہلت سے استفادہ کرنے والوں کیلئے یہ مراعات بھی دی گئی تھی کہ وہ افراد جو عمرہ ، حج ، وزٹ یا ٹرانزٹ ویزے پر آکر غیر قانونی طور پر مملکت میں مقیم ہو گئے تھے وہ اپنی آمد کے ثبوت کے سا تھ کنفرم ٹکٹ لے کر براہ راست ائیر پورٹ پہنچ جائیں جہاں ان کا فائنل ایگزٹ اسٹمپ کر دیا جائے گا انہیں کسی قسم کی سزا نہیں دی جائے گی ۔ محکمہ پاسپورٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مہلت سے استفادہ کرنے والوں کی تعداد 7 لاکھ 50 ہزارسے زائد ہے ۔ تاہم ابھی تک اس میں اضافہ ہو رہا ہے ۔