مکہ مکرمہ۔۔۔۔سعودی عرب نے امسال 18ہزار بنگلہ دیشی عازمین کا مسئلہ حل کردیا۔ معلمین کی اضافی فیس کے باعث ان کے حج کا معاملہ کھٹائی میں پڑگیا تھا۔ بنگلہ دیش کی دی ڈیلی اسٹار ویب سائٹ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے واضح کیا کہ مکہ مکرمہ میں بنگلہ دیشی سفارتکاروں ،بنگلہ دیشی حج ایجنسیوں کے نمائندوں اور سعودی حکومت کے عہدیداروں نے پے درپے ملاقاتیں کرکے معلمین کی فیس کا مسئلہ حل کرادیا۔مملکت میں بنگلہ دیشی سفیر غلام مرشد نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ سعودی عرب نے معلمین کی فیس 1500ریال مقررکردی۔ماضی میں معلم کی فیس 520ریال ہوا کرتی تھی ، مملکت نے اس میں اضافہ کردیا ہے۔ معلمین کو 4زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ اول درجے کے معلمین کی فیس 3950، درجہ دوم1900، درجہ سوم 1500اور چوتھے درجہ کے معلمین کی فیس 720ریال متعین کی گئی ہے۔ بنگلہ دیش میں معلمین کے محنتانے کا مسئلہ گزشتہ جمعرات کو اس وقت سامنے آیا جب91حج و عمرہ ایجنسیوں کے نمائندوں نے پریس کانفرنس کرکے اعلان کیا کہ وہ امسال معلمین کی فیس میں اچانک اضافے کے پیش نظر اپنے حاجی مکہ نہیں بھیج سکیں گے۔ نمائندوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے 2ماہ قبل معلمین کے محنتانے میں اضافہ کردیا تھا تاہم بنگلہ دیشی حج مشن نے اس کی اطلاع نہیں دی تھی۔