مانچسٹر ..... کہتے ہیں کہ کتا انسان کو کاٹے تو کوئی خبر نہیں ہوتی مگر انسان کتے کو کاٹ لے تو بہت بڑی خبر ہے اور شاید اسی بڑی خبر کے شائبے اس رپورٹ میں بھی ملتے ہیں جس کے مطابق ایک مفرور ملزم نے پولیس کے جرمن شیفرڈ کتے کا کان اس وقت کاٹ لیا جب وہ پولیس سے بچنے کیلئے بھاگ رہا تھا ۔ ملزم نے بیچ سڑک پر رک کر پہلے کتے کو پکڑا اور پھر کتے کے کان اپنے دانتوں سے چبالئے۔ مانچسٹر کے علاقے میں پیش آنیوالا یہ واقعہ جس نے بھی دیکھا وہ حیران رہ گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سراغ رساں کتا تھیو ملزم کے تعاقب میں نکلا تھا ۔کتے کے کان کاٹنے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے مگر اس پر کتے کے کان کاٹنے کے سلسلے میں کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا بلکہ اس کے خلا ف امن عامہ میں خلل ڈالنے کا قانون استعمال کیا گیا ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ یہ کتا اپنی اچھی کارکردگی کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد کی نظروں میں ایک عرصے سے کھٹک رہا ہے کیونکہ اس سے پہلے بھی اسے جلا کر ہلاک کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور ڈیوٹی کے دوران اس پر حملے بھی ہوئے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرائض انجام دینے والے کتوں کی حفاظت کیلئے ایک خاص قانون بننا ضروری ہو گیا ہے ۔ موقع کی جو تصویر جاری ہوئی ہے قریب سے گزرنے والے ایک راہگیر نے اپنے موبائل فون پر اتاری ہے جو خود بھی ایک عجیب و غریب منظر دیکھ کر پریشان ہو گیا تھا۔عینی شاہدین کے مطابق کتے سے ملزم کی جھڑپ 7منٹ تک جاری رہی مگر جب ملزم نے اس کے کان کوبری طرح زخمی کر لیا تو کتا بیہوش ہو کر گر گیا ۔ پولیس والوں نے اسے جانوروں کے اسپتال میں پہنچا دیا ہے ۔ اسپتال کے ذرائع کے مطابق کتے کو کافی زخم آئے ہیں اور گردن اور کاندھے پر بھی بڑے زخم کے نشانات موجود ہیں ۔ 6سال کی عمر والا یہ کتا گزشتہ سال نقب زنی کے دو ملزم کو پکڑنے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد سے کافی مشہور ہو گیا تھا۔